بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی ایک بار پھر دفتر خارجہ طلبی


بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی ایک بار پھر دفتر خارجہ طلبی

پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو ایک بار پھر دفتر خارجہ طلب کرکے لائن آف کنٹرول کی سنگین خلاف ورزی کرنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، احتجاجی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سرحد پر فائربندی کے معاہدے کے ساتھ ساتھ بھارتی سفارتی اہلکار سفارتی آداب کی خلاف ورزی بھی کرتے پائے گئے ہیں۔

دفتر خارجہ کے خصوصی ڈیسک برائے جنوبی ایشیا کے سربراہ نے خصوصی احتجاجی مراسلہ جے پی سنگھ کے حوالے کیا جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے جبکہ بھارتی فوج مقامی آبادی پر فائرنگ اور گولہ باری کر رہی ہے جو کسی بھی طور پر قابل برداشت نہیں ہے۔

ملاقات میں بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد میں سفارتی اہلکاروں کے روپ میں کام کرنے والے بھارتی انٹیلی جنس اداروں کے لیے کام کرنے والے اہلکاروں کا معاملہ بھی اٹھایا گیا اور قرار دیا گیا کہ بھارتی سفارتی اہلکار سفارتی آداب کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں احتجاج پر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے بھارت دراندازی کا بے سروپا الزام لگا کر مسلسل ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کر رہا ہے جس کے نتیجے میں اب تک کئی پاکستانی بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ قریبا 2 ہفتے قبل بھی بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر فائر بندی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا گیا تھا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری