امریکہ سے 20 لاکھ سے زائد غیرقانونی تارکین وطن کو نکالا جائے گا


امریکہ سے 20 لاکھ سے زائد غیرقانونی تارکین وطن کو نکالا جائے گا

امریکی نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے 100 روزہ منصوبے کے اعلان میں 20 لاکھ سے زائد غیرقانونی تارکین وطن کو امریکہ سے نکالنے کا عزم کیا گیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم نے جیو نیوز کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اکتوبر کے اواخر میں امریکی ریاست پنسیلوینیا کے علاقے گیٹیزز برگ میں صدارتی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدر بننے کے بعد 100 دن کی منصوبہ بندی کا اعلان کیا تھا۔

اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد سب سے پہلے دہشت گردی کا شکار ریاستوں سے تارکین وطن کی آمد معطل کر دیں گے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کی جنوبی سرحد پر میکسیکو کے ساتھ تارکین وطن کی آمد روکنے کے لیے دیوار تعمیر کریں گے جس کی قیمت میکسیکو سے حاصل کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ اقوام متحدہ کی ماحولیاتی تبدیلی کے پروگرام کے لیے مختص بلینز ڈالرز کی ادائیگی روک کر اسے امریکی ماحولیاتی انفرا اسٹرکچر اور پانی پر خرچ کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ عہدہ سنبھالنے کے پہلے دن اوباما کے دیئے ہوئے تمام غیر قانونی احکامات کو کینسل کریں گے۔

اسی طرح نیشنل سیکیورٹی ایکٹ بحال کرنے اور کانگریس کے ساتھ قانون سازی کر کے اوبامہ کیئر پروگرام کے بھی منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری