بھارت کی مسلسل سرحدی جارحیت سے عاجز 200 خاندانوں کی ہجرت


بھارت کی مسلسل سرحدی جارحیت سے عاجز 200 خاندانوں کی ہجرت

لائن آف کنٹرول کے قریب ضلع بھمبر میں بھارتی جارحیت سے تنگ آکر تقریباً 200 خاندان اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کر گئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، بھارت نے ایل او سی کے قوانین کی خلاف ورزی کو معمول بنا لیا ہے۔ آئے روز سرحدی علاقوں پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے پاکستانی شہریوں کا قیمتی جانی اور مالی نقصان ہو رہا ہے۔

بھارت کی بار بار پاکستانی علاقے پر فائرنگ اور گولہ باری کے ستائے ہوئے تقریبا 200 خاندان اپنا گھر بار چھوڑ کے محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے ہیں۔

ڈویژنل کمشنر راجہ امجد پرویز نے بتایا ہے کہ نقل مکانی تحصیل برنالہ میں سیکٹر چھمب (افتخار آباد) کے دو گاؤں بالیوال اور خیرووال میں دیکھنے میں آئی ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران بھارت کی جانب سے سرحدی قوانین کی خلاف ورزیوں میں شدت آئی ہے جس کا پاکستانی سیکیورٹی فورسز جواب تو دے دیتی ہیں لیکن اس معاملے کو بار بار مختلف فورم پر اٹھانے کے باوجود عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی عام انسان کی عقل سے بالاتر ہے۔

معمول یہ بن چکا ہے کہ ہر چند روز بعد بھارت ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کرتا ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ اس کی خبر دیتے ہیں، میڈیا اس کو نشر کرتا ہے، دنیا آگاہ ہوتی ہے اور پھر خاموشی!!

اور یہ خاموشی بھارت کی ایل او سی پر فائرنگ کی تڑتڑاہٹ سے ایک بار پھر ٹوٹتی ہے اور دوبارہ وہی عمل دہرایا جاتا ہے جو بیان کیا جا چکا ہے۔

اور واضح رہے کہ اس تمام عمل میں بھارت کی بے رحمی اور اقوام متحدہ کی بےحسی ایک مستقل عنصر ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری