بھارت میں حق کی آواز/ اسرائیلی صدر کی آمد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ


بھارت میں حق کی آواز/ اسرائیلی صدر کی آمد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

بھارتی طلبا نے دارالحکومت نئی دہلی میں احتجاجی مظاہرہ کر کے اسرائیلی صدر سے اپنے ملک سے چلے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مذمت کے لئے کسی رنگ، نسل یا مذہب کی قید نہیں ہوتی۔ اس بات کا عملی مظاہرہ تب دیکھنے میں آیا جب بھارت کے دارالحکومت میں  اسرائیلی صدر کی آمد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے کے شرکا "اسرائیل مردہ باد" ، "امپیریل ازم مردہ باد" اور "فلسطین زندہ باد" کے نعرے لگائے گئے اور غرب اردن اور غزہ میں فلسطینی عوام کی نسل کشی کی شدید مذمت کی نیز اسرائیلی صدر ریووین رولن سے بھارت سے چلے جانے کا مطالبہ کیا-

علاوہ ازیں مظاہرین نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی حکومت سے اپنے تعلقات منقطع کرلے۔

مظاہرے کے شرکاء نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ فلسطین کے مظلوم عوام کے خلاف صہیونیوں کے جاری مظالم کا خاتمہ کرے۔

مظاہرین نے کوشش کی کہ صہیونی حکومت کے سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کریں تاہم پولیس نے مظاہرین کی یہ کوشش ناکام بنا دی-

دوسری جانب، بھارتی مسلمانوں نے بھی اس دورے کے خلاف جمعہ کو، نماز جمعہ کے بعد نئی دہلی میں مظاہرے کا اعلان کر دیا ہے-

واضح رہے کہ اسرائیلی صدر ریووین رولن، بھارت کے صدر پرناب مکھرجی کی دعوت پر بھارت کے  6روزہ دورے پر ہیں-

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری