داعش اور القائدہ کو مغرب سے مدد مل رہی ہے


داعش اور القائدہ کو مغرب سے مدد مل رہی ہے

ترک صدر کا پاکستانی پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ داعش اور القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیمیں اسلام کا نام دنیا بھر میں بدنام کر رہی ہیں جبکہ ان کو برعکس مغرب سے مدد مل رہی ہے، ان شدت پسند تنظیموں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، ترک صدر رجب طیب اردگان نے پاکستان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے تاریخی خطاب کیا اور پارلیمٹ کے ارکان سے فردا فردا مصافحہ اور ملاقات کی۔

اسپیکر ایاز صادق نے ترک صدر کو پاکستان کے پارلیمنٹ میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ دوستانہ مراسم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کے بہادر عوام نے جرات سے اپنے آئین کی حفاظت کی، جمہوریت کیلئے عظیم جدوجہد کا سہرا ترک صدر کے سر ہے۔

ترک صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر مشکل وقت میں پاکستان نے ترکی کا ساتھ دیا ہے۔ ایک بار پھر اس پارلیمنٹ میں آپ کے ساتھ یکجا ہونا میرے لیے باعث مسرت ہے، ترکی اور پاکستان کے تعلقات کسی بھی دو مملکتوں کے درمیان سفارتی تعلقات سے کہیں ہٹ کر خصوصیات کے حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی تھی، ترکی سے آپ سب کے لیے محبتیں سمیٹ کر لایا ہوں، میرے لیے آپ کے ایوان میں شرکت کرنا مسرت کا موقع ہے۔

ترک صدر نے کہا کہ ہم پاکستانی بھائیوں کی خوشی اور غم میں برابر کے شریک ہوتے ہیں، ہم جانتے  ہیں  کہ آپ کے جذبات بھی اسی سے مماثلت رکھتے  ہیں۔

انہوں نے ترکی میں ناکام فوجی بغاوت پر پاکستان کی اولین حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گولن پنسویلیلا میں بیٹھ کر پوری دنیا پر حکومت کرنے کا خواب دیکھ رہا تھا۔

انہوں نے دہشتگردی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد تنظیمیں اسلام کا نام دنیا بھر میں بدنام کر رہی ہیں۔ جبکہ اسلام امن اور سلامتی کا مذہب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ داعش اور القائدہ کو مغرب سے مدد مل رہی ہے۔ ان شدت پسند تنظیموں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی مہمانوں کی گیلری میں موجود تھے۔

پاکستان تحریک انصاف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔

آج کے خطاب کے بعد ترک صدر رجب طیب اردگان کو کسی بھی غیر ملکی سربراہ مملکت کے طور پر پاکستانی پارلیمنٹ سے تیسری بار خطاب کرنے کا منفرد اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔ وہ 2 بار وزیراعظم کی حیثیت سے 2009 اور 2012 میں پارلیمنٹ سے خطاب کرچکے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری