آرمی چیف کی الوداعی ملاقاتوں کا آغاز/ نیا آرمی چیف کون ہوگا؟


آرمی چیف کی الوداعی ملاقاتوں کا آغاز/ نیا آرمی چیف کون ہوگا؟

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے الوداعی دوروں کا اغاز کردیا ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی الوداعی تقریب 27 یا 28 نومبر کو متوقع ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق، آرمی چیف کی مدت ملازمت رواں ماہ 29 تاریخ کو ختم ہو رہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لاہور سے اپنے الوداعی دوروں کا آغاز کر دیا ہے۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لاہور گیریژن ون میں پاک فوج اور رینجرز کے افسران اور جوانوں سے خطاب کیا اور جوانوں سے گلے بھی ملے۔

اس موقع پر جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ  امن و امان کا قیام اوراستحکام آسان کام نہیں تھا لیکن ہماری قربانیوں اور مشترکہ قومی عزم نے ملک کے خلاف تمام مشکلات پر قابو پانے میں مدد کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف کراچی، پشاور اور کوئٹہ کا دورہ بھی کریں گے۔

یاد رہے کہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا تھا کہ 27 نومبر تک نئے آرمی چیف کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔

جبکہ ایک نیوز چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں ہفتے ہی نئے آرمی چیف کا اعلان ہوجائے گا۔ نئے آرمی چیف کے لئے چار یا پانچ سینیئر جرنیلوں کے نام سامنے آئے ہیں جن میں جنرل زبیر محمود حیات، جنرل اشفاق ندیم، جنرل جاوید اقبال رمدے،  جنرل قمر باجوہ کے نام سرفہرست ہیں۔

درمیان میں دو اور جرنیل سید واجد حسین اور نجیب اللہ خان بھی ہیں لیکن ان کے نام نئے آرمی چیف کے طور پرنظرانداز کردیئے گئے ہیں کیونکہ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے کورکمانڈرکی حیثیت سے کبھی فرائض انجام نہیں دیئے ہیں۔

بری فوج کی سینیارٹی لسٹ میں کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال دوسرے اور لیفٹیننٹ جنرل قمر باجوہ تیسرے نمبر پر ہیں۔

یاد رہے کہ جنرل راحیل شرف نے 29 نومبر 2013ء کو پاکستان کے 15ویں آرمی چیف کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری