پاکستان کے سیاسی و عسکری حکام نے چار روزہ دفاعی نمائش ’آئیڈیاز 2016‘ کا افتتاح کردیا


پاکستان کے سیاسی و عسکری حکام نے چار روزہ دفاعی نمائش ’آئیڈیاز 2016‘ کا افتتاح کردیا

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان کے ہمراہ کراچی میں منعقد ہونے والی نویں چار روزہ بین الاقوامی نمائش آئیڈیاز 2016 کا باضابطہ طور پر افتتاح کیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، کراچی کے ایکسپو سینٹر میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کا باقاعدہ افتتاح وزیراعظم نواز شریف نے کیا اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی، وزیر دفاع، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سمیت دیگر وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق، نویں عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 اور سیمینار 22 نومبر تا 25 نومبر تک ایکسپو سینٹر کراچی میں ہوگی۔

دنیا بھر سے نمائش میں شامل ہونے والی کمپنیوں اور وفود کی بھرپور شرکت سے پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہوگا اور یہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016ء کی کامیابی کی ضمانت ہے۔

یاد رہے کہ ایکسپو سینٹر کراچی میں ڈائریکٹر میڈیا آف ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن وزارت دفاعی پیداوار کموڈور طاہر جاوید نے گزشتہ روز نمائش کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئیڈیاز 2016 کا انعقاد ہم سب کے لیے باعث فخر ہے اور یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان دفاعی معیاری پیداوار میں کسی سے پیچھے نہیں ہے۔

کموڈور نے مزید بتایا تھا کہ جن ملکوں کے دفاعی مندوبین کو نمائش میں شرکت کے لیے دعوت دی گئی تھی وہاں سے بڑا مثبت جواب ملا ہے، اس نمائش میں 90 دفاعی وفود دنیا بھر کے 43 ملکوں کی نمائندگی کریں گے، ان میں سے 30 مندوبین اعلیٰ سطح کے ہیں، جن کی سربراہی ان ملکوں کے وزیر دفاع، ڈیفنس سیکریٹریز، چیف ڈیفنس اسٹاف یا حاضر چیفس خود کریں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری