سید عمار الحکیم: پاک عراق دوستی کے فروغ کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیں گے


سید عمار الحکیم: پاک عراق دوستی کے فروغ کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیں گے

دونوں شخصیات کے درمیان پاک عراق تعلقات، امت مسلمہ کو درپیش حالیہ چیلنجز، مسئلہ کشمیر، مشرق وسطیٰ بالخصوص پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد اور تکفیریت کے نفوذ اور بڑھتے ہوئے خارجی داعشی فتنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہو ئی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین  پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس نے علامہ شفقت شیرازی کے ہمراہ  عراق کے سب سے بڑے پارلیمانی اتحاد نیشنل عراق الائنس کے سربراہ  سید عمار الحکیم سے ملاقات کیہے۔

تفصیلات کے مطابق، دونوں شخصیات کے درمیان، پاک عراق تعلقات، امت مسلمہ کو درپیش حالیہ چیلنجز، مسئلہ کشمیر، مشرق وسطیٰ بالخصوص پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد اور تکفیریت کے نفوذ  اور بڑھتے ہوئے خارجی داعشی فتنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہو ئی۔

اس موقع پر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے سید عمار الحکیم  کو مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد و بھائی چارے کے قیام کی کوششوں اور اہل سنت جماعتوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات سے آگا ہ کیا اور  داعش کے خلاف جنگ  میں عراقی عوام کے جذبہ کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی عوام داعش کی دہشت گردی کے خلاف عراقی عوام کی شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ مظلوم اقوام کی امداد کیلئے عراق اب ایک مضبوط آواز ہے، عراق کشمیر پر بھارتی مظالم کے خلاف بھی آواز اٹھائے اور پاکستان کا اس مسئلہ میں اقوام متحدہ میں ساتھ دے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  مجلس وحدت مسلمین نے اپنے قیام سے لے کر آج تک تکفیریت کے خلاف اپنی جدوجہد کو جاری رکھا ہے، یہ تکفیری پوری دنیا میں شکست سے دوچارہیں ، شکست ان تکفیری عناصر کے مقدر میں لکھی جا چکی ہے۔

سید عمار الحکیم نے  پاک عراق تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا ہے، ہم پاکستان اور عراق دوستی کے فروغ کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیں گے۔

انہوں نے زائرین امام حسین علیہ السلام کی مشکلات کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کیلئے جلد پاکستان سے ڈائریکٹ فلائٹس شروع کریں گے۔ داعش کے خلاف جاری جنگ میں  ہم روز بروز کامیابی کی جانب گامزن ہیں۔ عراق میں حالات بہتر ہوتے ہی پاکستانی لیبرز کیلئے مواقع پیدا کریں گے۔

آخر میں سید عمار الحکیم نے داعش کے خلاف جاری جنگ میں پاکستانی عوام کی جانب سے ملنے والی  حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری