نئے آرمی چیف تکفیری دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کرتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کریں


نئے آرمی چیف تکفیری دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کرتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کریں

شیعہ علماء کونسل اور مجلس وحدت مسلمین نے نئے آرمی چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ لیفٹینٹ جنرل قمرجاوید باجوہ تکفیری دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کرتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کریں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، شیعہ علماء کونسل اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے لیفٹینٹ جنرل قمرجاوید باجوہ اور جنرل زبیر محمود حیات کی بحیثیت پاکستان کے نئے  چیف آف دی آرمی اسٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی  تقرری کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

شیعہ علماء کونسل کے صوبائی نائب صدر اور سیاسی امور کے سیکرٹری یعقوب شہباز نے پاکستان کی بری فوج کے نئے سربراہ سے مطالبہ کیا ہے کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ لسانی اور علاقائی دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ تکفیری دہشت گردوں کے خلاف بھی کارروائی کریں۔

ایم ڈبلیوایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے آرمی چیف اس عہدے پر رہتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کرتے ہوئے آپریشن ضرب عضب کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وطن دشمن قوتوں کی آنکھوں میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کانٹا بن کر چبھتا ہے اس کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچانے میں بھی نئے آرمی چیف اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ جس طرح جنرل راحیل شریف نےدہشت گردی اور کرپشن کے خلاف  اقدامات کرکے  پاکستانی عوام کے دلوں میں مقام بنایا تھا، امید ہے کہ نئے آرمی چیف بھی اسی مقام و منزلت کے حامل قرار پائیں گے اور عوامی توقعات پر پورے اتریں گے، پاکستان کو اس وقت ہندستان اور افغانستان دونوں جانب سے جارحیت کا سامنا ہے ایسے میں نئے آرمی چیف کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہو تی ہے۔

دوسری جانب، یعقوب شہباز نے مزید کہا کہ تکفیری دہشت گرد ملک کا سب سے بڑا ناسور ہیں اور امن و محبت و اخوت کی پرامن فضا کو تباہ کرنے میں مٹھی بھر تکفیری دہشت گردوں کا ہاتھ ہے جو امن کے دشمن ہیں اور دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، ان کے خلاف کارروائی ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی تعمیر و ترقی، تجارت و سرمایہ کاری کے لئے امن کا ہونا اشد ضرورری ہے لہٰذا اس پر خاص توجہ کی فوری ضرورت ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری