ایران کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس و مجالس کا سلسلہ جاری


ایران کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس و مجالس کا سلسلہ جاری

ختم المرسلین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت اور نواسہ رسول حضرت امام حسن علیہ السلام کی شہادت کے سلسلے میں ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس ہائے عزا برآمد کیے جا رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، ایران کے شہر مشہد مقدس میں بارگاہ حضرت امام رضا علیہ السلام میں 30 لاکھ 50 ہزار زائرین جمع ہیں اور رحلت رسول اکرم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور شہادت امام حسن علیہ السلام  کی مناسبت سے ماتم داری کرتے ہوئے امام رضا علیہ السلام کی خدمت میں پرسہ دے رہے ہیں۔

حرم امام رضا علیہ السلام میں زائرین کے مختلف دستوں کی وجہ سے پاؤں رکھنے کی جگہ نہیں ہے اور حرم کے مختلف صحنوں میں  علماء کرام مختلف زبانوں میں رسول اکرم صل اللہ عیہ وآلہ وسلم اور امام حسن علیہ السلام کی احادیث مبارکہ اور فضائل و مصائب اہلبیت بیان کر رہے ہیں۔

مشہد مقدس کے تمام چھوٹی بڑی شاہراہوں پر عزاداروں کے دستے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے بارگاہ رضوی کی جانب گامزن ہیں۔

مشہد مقدس میں حرم امام رضا علیہ السلام کی طرف جانے والی سڑکوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی کوئی مشکلات پیش نہ آئیں۔

ایران کے مقدس شہر قم میں بھی ہزاروں سوگوار رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور شہادت امام حسن علیہ السلام کی یاد میں عزاداری کر رہے ہیں۔

تہران میں حضرت شاہ عبدالعظیم حسنی علیہ السلام کے روضہ مبارکہ میں بھی مجالس اور عزاداری کا سلسلہ جاری ہے  جس میں ہزاروں کی تعداد میں زائرین  اور مقامی لوگ شریک ہیں۔

شیراز میں حضرت احمد ابن موسی شاہ چراغ کے روضے میں مجلس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ مجالس عزا کا یہ سلسلہ حضرت امام رضا علیہ السلام کے یوم شہادت یعنی بدھ کی شام تک جاری رہے گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں ہر سال اٹھائیس صفر کو رسول خدا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم رحلت اور آپ کے پیارے نواسے حضرت اما حسن علیہ السلام کا یوم شہادت جبکہ تیس صفر کو حضرت امام رضا علیہ السلام کا یوم شہادت منایا جاتا ہے، جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے لاکھوں زائرین ایران بالخصوص مشہد مقدس کا رخ کرتے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق، رواں سال پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت اور امام حسن علیہ السلام اور امام رضا علیہ السلام کی شہادت کی منابست سے  پاکستان اور ایران سمیت دنیا بھر سے 30 لاکھ 50 ہزار زائرین روضہ امام رضا علیہ السلام پر حاضری دیں گے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری