پاکستان میں ایڈز کے سب سے زیادہ مریض کراچی میں ہونے کا انکشاف


پاکستان میں ایڈز کے سب سے زیادہ مریض کراچی میں ہونے کا انکشاف

سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کراچی سمیت اندرون سندھ میں ایچ آئی وی اور ایڈز سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے.

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، معاشرے میں ایڈز کو عموماً ایک خوفناک بیماری سمجھا جاتا ہے جس کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے، عالمی دن منانے کا مقصد عوام میں اس مرض سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہوتا ہے اور سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کی رپورٹ میں حیران کن انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں سب سے زیادہ ایڈز کے مریض کراچی میں ہیں۔

سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام سے وابستہ ڈاکٹر سلیمان اوڈھو کے مطابق، کراچی سمیت اندرون سندھ رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہے اور اس تعداد میں سے 7 ہزار سے زائد مریضوں کا تعلق کراچی جیسے بڑے شہر سے ہے جب کہ اس وقت کراچی پہلے، دوسرے نمبر پر لاڑکانہ، تیسرے نمبر پر حیدرآباد، چوتھے نمبر پر دادو جب کہ جیکب آباد پانچویں نمبر پر ہے۔

ڈاکٹرسلیمان اوڈھو کا کہنا تھا کہ آج سے 4 سال پہلے تک ایڈز اور ایچ آئی وی پازیٹیو مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد ضلع لاڑکانہ میں تھی لیکن اب کراچی نے لاڑکانہ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ کراچی میں ایچ آئی وی اور ایڈز کے مریضوں میں 150 سے زائد بچے، 704 سے زائد خواتین اور 49 خواجہ سرا شامل ہیں۔

ڈاکٹر سلیمان اوڈھو کا کہنا تھا کہ معاشرے میں اس مرض کو اس انداز میں لیا جاتا ہے کہ جسے یہ مرض ہو جائے اسے اچھوت سمجھ کر تنہا کردیا جاتا ہے اور معاشرے کے اس رویے کے باعث اس مرض کے متعدد کیسز رپورٹ ہونے سے رہ جاتے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری