کراچی پولیس نے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 10 طلبہ کو گرفتار کرلیا، 5 کے خلاف FIR درج


کراچی پولیس نے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 10 طلبہ کو گرفتار کرلیا، 5 کے خلاف FIR درج

پولیس نے کئی فلیٹوں پر رات کو چھاپہ مار کر گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 10 طلبہ کو گرفتار کرلیا جن میں سے 5 کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، کراچی پولیس نے کئی فلیٹوں پر رات کو چھاپہ مار کر گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 10 طلبہ کو گرفتار کرلیا اور 5 کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق، گزشتہ دنوں صفورہ گوٹھ کراچی میں واقع جوہر کمپلکس نامی فلیٹوں پر رات 11 بجے مسلح پولیس نے چھاپہ مار کر گلگت بلتستان کے 10 طلبہ کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ہونے والوں میں شمس الرحمن، جعفر، ساجد علی، تہذیب، طاہر، واجب اقبال اور دیگر شامل ہیں جو کراچی یونیورسٹی، وفاقی اردو یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم ہیں۔

گلگت سے تعلق رکھنے والے ضیاء الدین جو کہ جامعہ کراچی کے طالب علم ہیں، نے کہا کہ میں گھر پر موجود نہیں تھا پولیس نے رات کو چھاپہ مار کر دو ساتھیوں کو گرفتار کرلیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کوئی دہشت گرد نہیں ہیں۔ پولیس کو اس طرح کی کوئی بھی کاروائی کرنے سے پہلے علاقہ مکینوں اور پڑوسیوں سے ہمارے متعلق پوچھنا چاہئے۔

دیگر طلبہ کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار ان کے گھر میں داخل ہوکر گالیاں دیتے رہے اور بالکل ہی غیر مہذبانہ رویہ اپنایا۔ مجرموں کی طرح گاڑیوں میں ڈال کر تھانہ لے گئے۔ کچھ طلبہ کے موبائل فون، پرس اور دیگر اشیاء اب تک واپس نہیں دئے گئے۔

طلبہ نے مزید کہا کہ اس واقعے کے بعد نہ صرف ہماری پڑھائی متاثر ہوئی بلکہ ہم ذہنی طور بھی پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ ہمارے پیسے بھی اس کیس کے پیچھے ضائع ہوگئے۔

انھوں نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان سے اپیل کی ہے کہ اس واقعے کا نوٹس لیا جائے تاکہ آئندہ بلاوجہ طلبہ کو پریشان نہ کیا جائے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری