فرانسیسی سفارتکار نے پاکستان کو اپنا امیج بہتر بنانے کی تلقین کردی


فرانسیسی سفارتکار نے پاکستان کو اپنا امیج بہتر بنانے کی تلقین کردی

پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی تعلقات میں توسیع کے لئے ذاتی تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے فرانسیسی سفارتکار نے پاکستان کو اپنا امیج بہتر بنانے کی تلقین کردی۔

تسنیم خبر رساں ادارے کے نمائندے کی خبر کے مطابق، کراچی میں متعین فرانسیسی قونصل جنرل فرانسواں ڈال اورسو نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ پاکستان کو دنیا کی نظروں میں اپنا امیج بہتر بنانے کی زیادہ کوشش کرنی چاہئے تاکہ فرانسیسی بزنس مین بھی پاکستان کی طرف متوجہ ہوں اور یہاں دوروں پر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ فرانس کے تاجر پاکستان آنے سے گریزاں ہیں لیکن انہوں نے یقین دلایا کہ وہ ذاتی طور پر کوششیں کریں گے تاکہ ان کے ملک کے تاجر پاکستان کے تاجروں کے قریب آسکیں۔

پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائیز مرچنٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور اراکین سے ملاقات میں انہوں نے ایسوسی ایشن کو دعوت دی کہ وہ فرانس کا دورہ کرکے دو طرفہ تجارت کے مواقع کا جائزہ لیں۔

ڈال اورسو نے ایسوسی ایشن کے چیئرمین نصیر الدین فتح کی تجویز سے اتفاق کیا کہ دونوں ملکوں کے مابین کاروباری شخصیات کے وفود کے دوروں کا تبادلہ بھی ہونا چاہیے۔

اس موقع پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے پاکستان اور فرانس کے فوجی، دفاعی، ثقافتی، تعلیمی شعبوں میں تعاون پر مبنی تعلقات کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کی نوعیت تاریخی اعتبار سے دوستانہ ہے۔

اس موقع پر سہیل اشرف وہرہ، عارف کپور، چوہدری نصیر، اورکیمیکلز اور ڈائیز صنعت کے اہم دیگر اہم تاجر بھی موجود تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری