آئی ایس او کی جانب سے توضیح المسائل مقابلہ جیتنے والے طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم


آئی ایس او کی جانب سے توضیح المسائل مقابلہ جیتنے والے طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائرزیشن پاکستان نومل یونٹ کی جانب سے طلباء کے مابین توضیح المسائل ٹیسٹ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ، ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز، شیلڈز اور اسناد تقسیم کئے گئے۔

خبر رساں تسنیم ادارے کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائرزیشن پاکستان نومل یونٹ کی جانب سے طلباء کے مابین توضیح المسائل ٹیسٹ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ،ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز، شیلڈز اور اسناد تقسیم کئے گئے۔

اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء و طالبات کے علاوہ علاقے کے معززین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق، نوجوان نسل میں اسلامی بیداری اور دین سے آشنائی کی خاطر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے ایک کوئز مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں تقریباً 400 کے قریب طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔

اس مقابلے کے امتحان میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے کو لیپ ٹاپ جبکہ دوم اور سوم پوزیشن ہولڈرز کو ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر حوصلہ افزائی کے طور پر تقسیم کئے گئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی خیرالعمل فاؤنڈیشن کے سیکرٹری برادر علی حیدر نے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کئے۔

اس تقریب میں مقررین نے امامیہ طلباء کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے آئندہ بھی اس قسم کے مقابلے منعقد کرانے پر زور دیا کیونکہ اس طرح کے مقابلوں سے جہاں ایک طرف طلباء کی ذہنی استعداد اور صلاحیتوں کو جانچنے کا موقع مل جاتا ہے وہاں نئی نسل کو دین سے دلچسپی اور فکری بیداری کا موقع میسر آتا ہے۔

مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں دور حاضر میں دشمنان اسلام کی سازشوں پر سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ دشمن جدید ترین ہتھیاروں سے لیس ہے اور وہ ہماری نوجوان نسل کو دین سے دور کرنے کی نت نئی ترکیبوں کیساتھ نبرد آزما ہے جس سے مقابلے کیلئے نوجوان نسل کو مکمل تیاری کیساتھ میدان عمل میں موجود ہونا چاہئے اور ایسا تب ممکن ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو پوری طرح دینی تعلیمات سے ہم آہنگ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلیم اور تربیت کا چولی دامن کا ساتھ ہے تربیت کے بغیر تعلیم بے معنی ہے اور آج ہمارا معاشرہ اگر انحطاط کا شکار ہے تو وجہ یہی ہے کہ جو افراد زیور تعلیم سے آراستہ ہیں لیکن تربیت نہ ہونے کی وجہ سے استعماری سازشوں کا شکار نظر آرہے ہیں اور دوسری جانب علم و ہنر جو مسلمانوں کی میراث ہے اس کے حصول میں مسلمان دیگر اقوام کے مقابلے میں بہت پیچھے ہیں۔

تقریب سے سید قلب علی، شیخ شہزاد حسین اور انجینیئر علی حیدر نے خطاب کیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری