ایران کے لئے جاسوسی کے الزامات بے بنیاد ہیں، ایرانی وزارت خارجہ


ایران کے لئے جاسوسی کے الزامات بے بنیاد ہیں، ایرانی وزارت خارجہ

آل سعود کے سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے ایران کے لئے جاسوسی کے الزام میں گرفتاریوں اور سزائے موت سنائی جانے کے خلاف رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تہران بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نہیں کرتا۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عدالت کی جانب سے ایران کے لئے جاسوسی کرنے کے الزام میں 15 افراد کو سزائے موت سنانے کے خلاف رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی کا کہنا تھا: اسلامی جمہوری ایران بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرتا ہے اور ڈپلومیٹک اصولوں کے مطابق کسی ملک کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھاتا۔

بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ آل سعود حکومت ایران پر بے جا اور بے بنیاد الزامات لگا رہی ہے۔

بہرام قاسمی نے مزید کہا: اس وقت عالم اسلام کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے ایسے حالات میں سعودی عرب کی طرف سے غیر ذمہ دارانہ الزامات کا سامنے آنا مسلم امہ کے لئے مزید نقصان کا باعث ہے۔

انہوں نے تاکید کی کہ آل سعود نے جن افراد پر جو الزامات لگائے ہیں وہ بے بنیاد اور جھوٹ پر منبی ہیں۔

قاسمی نے سعودی عرب سے کہا ہے کہ ایران پر مختلف قسم کے الزام تراشی کرنے کے بجائے خطے کے مسائل حل کرنے کے لئے مثبت کردار ادا کرے۔

بہرام قاسمی نے کہا کہ سعودی عرب نے اب تک اسلامی جمہوری ایران کو کسی قسم کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب خطے میں اختلافات کو ہوا دیکر فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کررہا ہے۔

سعودی عرب نے 2013ء میں دعویٰ کیا تھا کہ مارچ اور مئی کے مہینوں میں ایران کے لئے جاسوسی کرنے والے ایک گروہ کی شناخت کی گئی ہے جنہیں گرفتار کیا جا چکا ہے۔

گرفتار ہونے والے افراد کی تعداد 28 بتائی گئی ہے۔

ان افراد میں سے 24 سعودی شہری ہیں جن میں سے ایک کا تعلق کسی یونیورسٹی اور ایک کا کسی بینک سے ہے جبکہ چار افراد کا تعلق لبنان، ترکی اور ایران سے بتایا گیا ہے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری