طیارہ حادثہ میں 47 افراد کے جاں بحق ہونے پر مختلف شعبہ جات کی شخصیات کے تاثرات + حادثے کی تصاویر


طیارہ حادثہ میں 47 افراد کے جاں بحق ہونے پر مختلف شعبہ جات کی شخصیات کے تاثرات + حادثے کی تصاویر

پاکستان میں طیارہ حادثے میں معروف مذہبی سکالر اور نعت خواں جنید جمشید سمیت کئی افراد کے جاں بحق ہونے پر حکومت، سیاست اور شوبز سے وابستہ شخصیات نے اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

 خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندے نے پاکستان کی نمایاں شخصیات کے تاثرات کو اپنے قارئین کیلئے پیش کیا ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے متعلقہ اداروں کو طیارہ حادثے کے شہدا کے لواحقین سے مکمل تعاون کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے متعلقہ محکموں کو حکم دیا ہے کہ وہ طیارہ حادثے کے شہدا کے لواحقین کو ہنگامی طور پر معلومات فراہم کریں اور اس میں کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔

آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے حادثے کا شکار ہونیوالے طیارے میں شہید ہونیوالے افراد کے اہلخانہ سے گہرے دکھ اور فسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ہونیوالے افراد کے ورثا کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے حادثے کا شکار ہونیوالے بد قسمت طیارے میں شہید ہونیوالے افراد کے اہلخانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ شہید ہونیوالوں کو جنت میں اعلیٰ مقام دے اور اہلخانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق نے پی آئی اے کے جہاز کے حویلیاں کے نزدیک گر کر تباہ ہونے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت اور متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے طیارے کی تباہی کی تحقیقات اور حقائق کو قوم کے سامنے لانے کا مطالبہ کیاہے۔

چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے کہا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ سات آٹھ سال پرانا تھا، مجھے اس حادثے میں کوئی انسانی غلطی دکھائی نہیں دیتی، اس کے ساتھ کیا ہوا، اس مرحلے پر کوئی رائے نہیں دے سکتا۔

 

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےسربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے طیارہ حادثے کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے  کہا ہے کہ اس افسوس ناک سانحے میں معروف مذہبی وسماجی شخصیت جنید جمشید اور خواتین، بچوں، بزرگوں سمیت درجنوں قیمتی جانوں کا نقصان ایک قومی سانحہ ہے، ہم اس عظیم سانحےاور دکھ کی اس گھڑی میں جاں بحق ہونے والوں کے پسماندگان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ ساجد  نقوی  نے طیارہ حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارہ حادثے میں ممکنہ طور بھاری جانی نقصان کی اطلاعات انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ انہوں نے  لواحقین سے دلی ہمدری اور تعزیت کا اظہار  کیا اور کہا کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے جانچ کی جانی چاہئیے۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) کی سینئر نائب صدر روبینہ سلہری کا کہنا ہے کہ جنید جمشید کا خلا کبھی پُر نہیں ہوسکے گا، جنید جمشید جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں وہ مجھے بہنوں کی طرح مانتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو پرانے طیاروں کو فوراً گراﺅنڈ کردینا چاہیے تاکہ ایسے المناک حادثات پیش نہ آئیں۔

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے اپنے بیان میں انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنید جمشید جیسا عظیم شخص آج ہم میں نہیں رہا، لیکن اس کی خدمات اس کا اخلاق، اس کی محبت ہمیشہ ہمارے درمیان زندہ رہے گی۔

پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے پی آئی اے المناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے، اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ابھی تک امجد صابری کا غم نہیں بھلا پائی تھی کہ ایک اور المناک سانحہ پیش آگیا ہے، پاکستان کے رہنے والوں کے لیے جنید جمشید کی ناگہانی وفات ایک بہت بڑا سانحہ ہے، دِل دِل پاکستان کا نغمہ ہمیشہ دل میں بسا رہے گا، ہم خدا سے دعا گو ہیں کہ طیارے حادثے کے تمام مرحوم مسافران کے درجات بلند فرمائے اور ہم ان کے گھر والوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

معروف گلوکار جواد احمد کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کا کہنا تھا کہ مجھے اس حادثے کی خبر کا بالکل یقین نہیں آرہا، میری جب بھی ان سے ملاقات ہوتی تھی تو وہ بہت اچھے طریقے سے ملتے تھے۔ ان کا دل بہت صاف تھا، وہ لوگوں کے ساتھ بڑا پیار کرتے تھے اور ان کے دل میں نئے آنے والوں کے لئے بہت شفقت تھی۔

معروف گلوکار فاخر نے کہا ہے کہ  جنیدبھائی جب میوزک آرٹسٹ سے مبلغ بنے توتب بھی وہ میرے رابطے میں تھے، میں نے سب اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھا ہے، ہم نجی محفلوں میں بھی ساتھ ہی ہوتے تھے، وہ بہت ہی نرم دل کے مالک تھے، کبھی کسی بات کا غصہ نہیں کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب جنید بھائی سنگر تھے تب بھی بہت اچھا اخلاق تھا اور بعد میں بھی ان کا اخلاق ویسا ہی رہا، وہ سب کے ساتھ پیار سے پیش آتے تھے۔ جنید بھائی نے مجھے بہت بار تبلیغ دی، وہ مجھے کہتے رہتے تھے کہ میں بھی اسی راہ کی طرف آجاؤں۔

تحریک انصاف کے رہنما معروف گلوکار ابرار الحق نے کہا ہے کہ جنید جمشید ایک ایسے انسان تھے، جن کی خوبیاں گنوانے سے بھی ختم نہیں ہوتی ہیں، پاکستان کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔

معروف دیوبند عالم دین  مفتی محمدنعیم کا کہنا تھا کہ جنیدنے جب دین کا راستہ اختیار کیا اور فلاحی کام شروع کئے تو ان کو دیکھ کر بہت سے لوگوں نے برائی چھوڑی، ایک بار جنید کسی مشہور فنکار کو میرے پاس لائے اور کہا کہ آپ اسے تبلیغ کریں یہ دین کا راستہ اختیار کرنا چاہتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جنید کو ہر فقہ سے تعلق رکھنے والے لوگ بہت پسند تھے کیونکہ حقوق العباد، اللہ کے حقوق ادا کرنے میں سب سے آگے ہوتے تھے، انہوں نے سینکڑوں غریب خاندانوں کی امداد کی اور اکثر اوقات خاموشی سے ہی بہت سے لوگوں کی مدد کرتے جس کا علم صرف مجھے ہی ہوتا جبکہ بیرون ملک بھی اگر کوئی مسئلہ پیش آتا تو رہنمائی کے لئے مجھے فون کرتے تھے۔

معروف دیوبند مبلغ مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ جنید جمشید ہمیشہ ہی کہتا تھا کہ میں اللہ اور اس کے رسول کے مشن کو لے کر چلتا رہوں اور اسی راستے میں میری زندگی تمام ہو۔ جنید جمشید بہت ہی اعلیٰ اخلاق کا مالک تھا، اس نے شوبزنس کی دنیا چھوڑ کر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔  ایک وقت ایسا بھی آیا کہ اس نے مجھے فون کرکے بتایا کہ اس کے پاس اپنی والدہ کی دوا کے بھی پیسے نہیں ہیں۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ مجھے پیپسی والے چار کروڑ روپے دے رہے ہیں کہ ایک گانا گادو لیکن میں نے انکار کردیا ہے۔

واضح رہے کہ چترال سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی، طیارے میں سوار  تین غیر ملکیوں سمیت 42 مسافر اور عملے کے پانچ افراد  جاں بحق ہوگئے، معروف مذہبی اسکالر جنید جمشید اور ان کی اہلیہ بھی بدقسمت پرواز میں سوار تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری