عالمی نمائش بعنوان "ایشیا کی تعمیر کرو" کا کراچی میں انعقاد، 6 ایرانی کمپنیوں کی شرکت


عالمی نمائش بعنوان "ایشیا کی تعمیر کرو" کا کراچی میں انعقاد، 6 ایرانی کمپنیوں کی شرکت

پاکستان کی اقتصادی شہہ رگ کراچی کے ایکسپو سینٹر میں 12 ویں عالمی بلڈ ایشیاء نمائش کا انعقاد کیا گیا جہاں 6 ایرانی کمپنیوں سمیت 300 غیرملکیوں اسٹالز کے ذریعے 200 سے زائد بانڈز کی نمائش کی گئی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کی اقتصادی شہہ رگ کراچی کے ایکسپو سینٹر میں 12 ویں عالمی بلڈ ایشیاء نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں تعمیراتی شعبے سے  وابستہ ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں نے 300 اسٹالز کے ذریعے  200 سے زائد برانڈز کی نمائش کی۔

ایشیا کی تعمیر کرو کے عنوان سے منعقدہ اس تین روزہ عالمی نمائش میں جمہوری اسلامی ایران کی 6 کمپنیوں نے بھی شرکت کی جن میں یزد پولیمر کمپنی
(Yazd Polymer Co)، جھان پروفیل پارس (Jahan Profil Pars Co)، اصفہان مبارکہ اسٹیل کمپنی (Esfahan Mobarakeh Steel Company)، آریا بارون (Arya Baron)، خاش سیمنٹ کمپنی اور قائن سیمنٹ کمپنی شامل ہیں۔

ایرانی کمپنیوں کے نمائندگان نے خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلڈ ایشیا نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے۔

اس پلیٹ فارم کے توسط سے پاکستان کی تعمیراتی صنعت سے وابستہ افراد اور حکومتی اداروں سے خوشگوار ماحول میں ملاقاتیں ہوئیں، جس میں انہوں نے ایرانی مصنوعات میں انتہائی دلچسپی کا مظاہرہ کیا، پاکستانی کاروباری افراد سے بڑے آرڈرز ملنے کے ساتھ ساتھ حکومتی اداروں سے معاہدوں کی امید ہے۔

ایرانی کمپنیوں کے نمائندگان نے کہا کہ پاک ایران تجارتی تعلقات کیلئے مزید عملی اقدامات کی ضرورت ہے، بینکنگ مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ پاکستانی حکومت اگر ٹیکسز اور ڈیوٹی ٹیرف میں کمی لے آئے تو دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ میں باآسانی انتہائی اضافہ ہوسکتا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی حکومت اس جانب ضرور توجہ کریگی۔ ایرانی کمپنیوں کے نمائندگان کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کی نمائش کا انعقاد پاکستانی صنعتی شعبے کیلئے بہت اہم ہے، جس سے ایران سمیت غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

ایرانی نمائندگان نے پاکستانی حکومت اور نمائش کے آرگنائزر کی جانب سے بہترین مہمان نوازی پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نمائش میں شرکت خوشگوار اور یادگار ثابت ہوئی ہے، پاکستانی حکومت، کاروباری افراد اور عوام کی جانب سے بے انتہا محبت ملی، یہاں آکر اپنائیت کا احساس ہوا ہے، انشاء اللہ اگلے سال نمائش میں ایرانی کمپنیوں کی جانب سے شرکت میں اضافہ ہوگا۔

ایران سمیت 17 ممالک سے 250 غیر ملکی مندوبین میں چین، متحدہ عرب امارات، اٹلی، سوئٹزر لینڈ، امریکا، جاپان، سعودی عرب، جرمنی اور ترکی کے افراد بھی نمائش میں شریک ہوئے۔

ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے تعمیراتی مشینری اور مٹیریل، اسٹیل اور پی وی سی مصنوعات، سیمنٹ، ماربل مصنوعات، مشینری و فرنیچر سمیت دیگر تعمیراتی مصنوعات کی نمائش کی گئی۔ نمائش کا انعقاد ای کامرس گیٹ وے پاکستان نے کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان اور آل کراچی ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیا تھا۔ 50 ہزار سے زائد کاروباری افراد نے نمائش کا دورہ کیا۔

رپورٹ اینڈ فوٹوز بائی زیڈ سید

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری