وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نایاب پرندوں کے شکار کی اجازت کسی کو نہ دیں، عمران خان


وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نایاب پرندوں کے شکار کی اجازت کسی کو نہ دیں، عمران خان

عرب شہزادوں کی بھکر میں مبینہ "شکارگاہ" میدان جنگ میں تبدیل ہونے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف نے پاکستان میں عربوں کے شکار پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نایاب پرندے تلور کا شکار غیر قانونی ہے اس لئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اس کے شکار کی اجازت کسی کو نہ دیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تلور نایاب پرندہ ہے اور اس کا شکار غیر قانونی ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کسی کو بھی تلور کے شکار کی اجازت نہ دیں۔

امت نیوز کے مطابق، عمران خان نے تلور کے شکار کے معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر وزیراعلیٰ پرویز ختک سے بات کروں گا کہ وہ کسی کو تلور کے شکار کی اجازت نہ دیں۔

واضح رہے کہ عرب ممالک کے باشندے تلور کا شکار کرنے کے لئے بڑی تعداد میں پاکستان کا رخ کرتے ہیں اور حکومت انہیں لائسنس بھی جاری کر دیتی ہے۔

حال ہی میں قطری شاہی خاندان کے 12 افراد بھی تلور کے شکار کے لئے پاکستان آئے اور بھکر کے قریب خیمہ بستی قائم کرکے تلور کا شکار کیا۔

اس موقع پر مقامی لوگوں نے فصلیں خراب ہونے کے باعث احتجاج بھی کیا اور خیمہ بستی کے قریب پہنچ کر حکومت مخالف نعرے بھی لگائے۔

مقامی لوگوں کو قطری شاہی خاندان کے اتنا قریب دیکھ کر پولیس بھی بوکھلا گئی اور انہیں منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جس کے باعث مبینہ "شکار گاہ" میدان جنگ میں تبدیل ہو گئی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری