پاکستانی، مصری اور سعودی حکام کا فرقہ واریت، دہشتگردی اور انتہا پسندی جیسی برائی کی قوتوں سے لاحق خطرات پر تبادلہ خیال


پاکستانی، مصری اور سعودی حکام کا فرقہ واریت، دہشتگردی اور انتہا پسندی جیسی برائی کی قوتوں سے لاحق خطرات پر تبادلہ خیال

مشیر برائے امور خارجہ نے "منامہ ڈائیلاگ"کی سائیڈ لائنز پر مصر کے وزیر خارجہ اور سعودی عرب کے کنگ فیصل سینٹر فار ریسرچ اینڈ اسلامک سٹڈی کے چیئرمین سے ملاقاتوں کے دوران فرقہ واریت، دہشتگردی اور انتہا پسندی جیسی برائی کی قوتوں سے لاحق خطرات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے بارہویں علاقائی سیکورٹی مکالمہ "منامہ ڈائیلاگ"کی سائیڈ لائنز پر مصر کے وزیر خارجہ سامع شکری اور سعودی عرب کے کنگ فیصل سینٹر فار ریسرچ اینڈ اسلامک سٹڈی کے چیئرمین شہزادہ ترکی الفیصل سے ملاقاتیں کیں۔

پاکستان اور مصر کے درمیان روایتی تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سرتاج عزیز اور سامع شکری نے معیشت تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم کر نے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک مستفید ہو سکیں۔

فریقین نے فیصلہ کیا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس اسلام آباد میں جلد بلایا جائیگا جس میں مستقبل کے حوالے سے جاری تعاون کا جامع انداز میں جائزہ لیا جائیگا۔

فریقین نے رواں سال قاہرہ میں ہونے والی دو طرفہ سیاسی مشاورت کے نتائج کا خیر مقدم کیا جس میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر مشاورت کیلئے مفید میکنزم میسر آیا۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور مصری وزیر خارجہ سامع شکری نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور امت مسلمہ کو فرقہ واریت، دہشتگردی اور انتہا پسندی جیسی برائی کی قوتوں کی طرف سے درپیش خطرات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

سامع شکری نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کوسراہا۔

انہوں نے مصر اور پاکستان کے درمیان اقوام متحدہ اور دیگر کثیر الجہتی فورم میں مصر اور پاکستان کے قریبی روابط کی بھی تعریف کی۔

فریقین نے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی اصلاحات کے حوالے سے اپنے موقف پر قریبی رابطے قائم رکھنے پر اتفاق کیا اور اقوام متحدہ کی مختلف باڈیز میں ایک دوسرے کے امیدواروں کی حمایت کا فیصلہ کیا۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سعودی عرب کے شہزادہ ترکی الفیصل سے ملاقات کے دور ان کنگ فیصل فاؤنڈیشن اور پاکستانی یونیورسٹیوں کے درمیان مشترکہ پروگراموں کی تجویز پیش کی جس کا شہزادہ ترکی الفیصل نے خیر مقدم کیا۔

واضح رہے کہ شہزادہ ترکی الفیصل کنگ فیصل فاؤنڈیشن کے بانی ہیں۔

سعودی شہزادے نے وزیر اعظم نواز شریف کیلئے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری