بھارتی وزیر داخلہ کی بھڑک پر خواجہ آصف کا بھرپور جواب


بھارتی وزیر داخلہ کی بھڑک پر خواجہ آصف کا بھرپور جواب

بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے پاکستان پر بھارت کو غیرمستحکم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر پاکستان نے دہشت گردی کی اعانت بند نہ کی تو وہ 10 حصوں میں ٹوٹ جائے گا جب کہ پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف نے راج ناتھ کو بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو اپنے ٹکڑے گننا بھی مشکل ہو جائے گا۔

خبررساں ادارے تسنیم نے ایکسپریس نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق، مقبوضہ کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے الزام لگایا کہ پاکستان مذہبی بنیادوں پر بھارت کو تقسیم کرنے کی سازش کر رہا ہے لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہو گا۔ بھارت 1947ء میں مذہبی بنیادوں پر تقسیم ہوا لیکن بھارت کو ایک بار بھر مذہبی بنیادوں پر تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کو بھارت سے الگ کرنا چاہتا ہے لیکن اسے معلوم ہونا چاہئے کہ دہشت گردی بزدلوں کا ہتھیار ہے بہادروں کا نہیں۔ انھوں نے کہا کہ داعش بھارت میں قدم جمانے میں ناکام رہی ہے اور اس کا کریڈٹ بھارتی مسلمانوں کو جاتا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت دنیا کا واحد ملک ہے جس میں مسلمانوں کے تمام 72 فرقے بستے ہیں جب کہ پاکستان جو مذہب کی بنا پر قائم ہوا، 1971  میں دو حصوں میں تقسیم ہو گیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کیخلاف دہشت گردی کی اعانت روک دے ورنہ وہ دوبارہ 10حصوں میں تقسیم ہو جائے گا۔

راج ناتھ نے کہا کہ ہم اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ پاکستان ہمارا ہمسایہ ہے اور دوست بدلے جا سکتے ہیں لیکن ہمسائے نہیں۔ جب وزیراعظم نوازشریف نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلیے بھارت آئے تو اسکا مقصد صرف ہاتھ ملانا نہیں تھا بلکہ دلوں کا میل تھا۔ صر ف اتنا ہی نہیں وزیراعظم نریندر مودی پروٹوکول بالائے طاق رکھتے نوازشریف فیملی کی ایک تقریب میں شرکت کیلئے لاہور پہنچ گئے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی ارادوں کو سمجھنے میں ناکام رہا ہے۔

پاکستان نے اچھے تعلقات کی ہماری خواہش کا جواب پٹھانکوٹ، اڑی اور گرادسپور جیسے حملوں کی صورت میں دیا۔ انھوں نے کہا کہ اگر پاکستان دہشت گردی کو کنٹرول نہیں کر سکتا اور بھارت کا تعاون چاہتا ہے تو ہم پاکستان سے اس لعنت کے خاتمے میں مدد کرنے کو تیار ہیں۔راج ناتھ نے کہا کہ ہم پاکستان کیساتھ امن سے رہنا چاہتے ہیں لیکن کسی قیمت پر دہشتگردی سے سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مودی سرکار مزید رہی تو بھارت کو اپنے ٹکڑے گننا مشکل ہو جائے گا۔ اتوار کو بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ کی دھمکی گیدڑ بھبکی ہے۔ لگتا ہے راجناتھ بوکھلاہٹ میں ہوش کھو بیٹھے ہیں۔ راج ناتھ کو معلوم نہیں کہ آج کا پاکستان کہاں کھڑا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری