چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے استعفیٰ دے دیا


چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے استعفیٰ دے دیا

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے چیئرمین اعظم سہگل نے استعفیٰ دے دیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم نے ڈان نیوز کی رپورٹ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے چیئرمین اعظم سہگل نے استعفیٰ دے دیا۔

استعفے کے حوالے سے چیئرمین پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سیکریٹری کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اعظم سہگل نے سیکریٹری پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو مستعفی ہونے کے بارے میں زبانی آگاہ کیا ہے۔

قومی ائیر لائن کے چیئرمین اعظم سہگل جنہیں کچھ عرصہ قبل پی آئی اے کی بہتری کے لیے ٹاسک دیا گیا تھا تاہم ذرائع کے مطابق اعظم سہگل کے استعفے کی وجہ گذشتہ چند روز سے جاری پی آئی اے کے معاملات ہیں۔

ڈان نیوز کے نمائندے کے مطابق سیکریٹری بورڈ نے رابطے پر ان کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تحریری استعفیٰ صبح تک موصول ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن نے چیئرمین پی آئی اے کے استعفی سے لاعلمی کااظہار کیا تاہم ترجمان پی آئی اے دانیال گیلانی نے چیئرمین کے مستعفی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ اعظم سہگل نے ذاتی و جوہات کی بنا پر استعفیٰ دیا۔

واضح رہے کہ 8 دسمبر 2016 کو پی آئی اے کا چترال سے اسلام آباد آنے والا مسافر طیارہ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے بعد ادارے کو شدید دباؤ کا سامنا تھا۔

یاد رہے کہ اعظم سہگل کو پی آئی اے کے سابق چیئرمین نصیر جعفر کے مستعفی ہونے کے بعد چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔

آکسفورڈ تعلیم یافتہ اعظم سہگل ملک میں ایک صنعت کار کے طور پر معروف ہیں اور انھیں بڑی صنعتوں اور کارپوریشنز کی دیکھ بھال کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔

وہ 2013 سے پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری