گلگت بلتستان؛ سونیوال اور بٹوخیل قبائل میں تصادم، درجنوں زخمی


گلگت بلتستان؛ سونیوال اور بٹوخیل قبائل میں تصادم، درجنوں زخمی

چلاس واپڈا آفس کے باہر دھرنا دیئے بیٹھے سونیوال اور بٹوخیل قبائل میں تصادم کے نتیجے میں ہربن داس میدان جنگ بن گیا اور دونوں قبائل کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں درجنوں افراد زکمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، چلاس واپڈا آفس کے باہر دھرنا دیئے بیٹھے سونیوال اور بٹوخیل قبائل میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ہربن داس میدان جنگ بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق، دونوں قبائل کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں دونوں فریقین کے درجنوں افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کی لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی دونوں قبائل کو منتشر نہ کراسکی۔

پولیس کا مشتعل مظاہرین کو روکنے کی کوشش میں مشتعل مظاہرین بے قابو ہوگئے، جس کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکار بھی شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ زخمیوں کو چلاس ہسپتال منتقل کر کے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

مشتعل مظاہرین کے پتھر لگنے سے ایس ایچ او شاہ سرور، ایس ایچ او خوشحال اور کانسٹیبل عبدالقدیم بھی زخمی ہوگئے ہیں۔

دونوں فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں سونیوال قبائل کے عطع اللہ ولد عبدالطیف، اکرام اللہ ولد محمد حسین اور ہدایت اللہ سلیمان شامل ہیں اور بٹوخیل قبائل کے زخمی افراد میں عبدالباسط ولد گل فروز، شاہ بیگ، نصیر، اسپندیار و دیگر شامل ہیں۔

دونوں قبائل میں جاری تصادم کو روکنے کیلئے تھور، ہڈور اور گوہر آباد کے سرکردہ عوام پر مشتمل جرگہ کے سینکڑوں لوگوں نے دونوں قبائل کے مسلح افراد میں سیز فائر کرادیا اور ضلعی انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کی مداخلت پر دونوں قبائل ہربن داس سے منتشر ہوگئے۔

تصادم میں شدید زخمی افراد کو اسلام آباد ریفر کر دیا گیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری