سوراب-ہوشاب شاہراہ؛ افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے لئے گوادر پورٹ کے ساتھ مختصر ترین راستہ


سوراب-ہوشاب شاہراہ؛ افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے لئے گوادر پورٹ کے ساتھ مختصر ترین راستہ

وزیراعظم محمد نوازشریف نے سوراب-ہوشاب شاہراہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کو گوادر پورٹ سے ملانے والی یہ شاہراہ تقریباً بائیس ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہو گی جس میں 16 پل اور ایک ہزار 502 پلیاں بھی شامل ہیں۔

تسنیم خبر رساں ادارے کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے علاقے تربت میں این 85 سوراب ہوشاب روڈ کا افتتاح کرتے ہوئے وزراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن چار سو اڑتالیس کلومیٹر طویل یہ شاہراہ تقریباً بائیس ارب روپے کی لاگت سے مکمل کرے گی جس میں سولہ پل اور ایک ہزار 502 پلیاں بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے کاروباری سرگرمیاں بھی اپنے عروج پر پہنچیں گی اور اس پوری پٹی پر موجود علاقے ترقی کریں گے۔ نہ صرف یہ کہ  علاقے سے بے روزگاری اور پسماندگی دور ہوگی بلکہ یہاں تعلیمی اداروں کے قیام سے جہالت بھی دور ہوجائے گی۔ 

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ترقی کرنا یہاں کے لوگوں کا حق ہے اور ان کی حکومت یہاں کے عوام کو ان کا یہ حق ضرور دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے جس سے نہ صرف یہاں کے عوام کی بلکہ پورے ملک کی قسمت بدل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین و پاکستان اقتصادی راہداری سی پیک سے بھی بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے کونے کونے میں ترقی بالکل صاف نظر آرہی ہے۔

واضح رہے کہ ہوشاب، پنجگور، سوراب روڈ  گوادر بندرگاہ کو سوراب کوئٹہ کے قریب نیشنل ہائی وے نیٹ ورک این 25 اور ملک کے دوسرے حصوں سے ملائے گی۔ جبکہ یہ افغانستان اور وسطی ایشیا کے دوسرے ملکوں کے لئے گوادر بندرگاہ کے ساتھ مختصر ترین راستہ ہوگا۔

اس منصوبے کی تکمیل سے شمالی و جنوبی شاہراہ کا اہم رابطہ بھی مکمل ہوجائیگا۔ یہ منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کا اہم حصہ ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم محمد نوازشریف جب تربت پہنچے تو بلوچستان کے گورنر محمد خان اچکزئی، وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری سدرن کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ریاض، چیف سیکرٹری سیف چھٹہ، سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور دوسرے اعلیٰ حکام نے تربت ہوائی اڈے پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔ 

منصوبہ بندی و ترقی کے وفاقی وزیر احسن اقبال، ریاستوں اور سرحدی علاقوں کے وزیر عبدالقادر بلوچ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری