شیعہ علماء کونسل مطالبات منظور کرنے کے لئے پرامن احتجاج کی تصویری رپورٹ


شیعہ علماء کونسل مطالبات منظور کرنے کے لئے پرامن احتجاج کی تصویری رپورٹ

ضلعی صدر شیعہ علما کونسل سید شفقت حسین نقوی ایڈووکیٹ کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو 6 جنوری 2017 تک مطالبات منظور کر نے کی ڈیڈ لائن دے دی بصورت دیگر ضلع بھر میں دھرنے کا اعلان کیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندہ گجرات نے رپورٹ دی ہے کہ شیعہ علماء کونسل کی پرامن احتجاجی کال پر ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔

اس پرامن احتجاج سے سید شفقت نقوی، سید اعجاز حسین، علامہ اشتیاق کاظمی اور علامہ محمد اصغر یزدانی نے خطاب کیا۔

گجرات جیسے پرامن مثالی مذہبی رواداری رکھنے والے شہر کی مثال ڈویژن بھر میں دی جاتی ہے۔

حسینیہ ٹرسٹ (ر) سرکلر روڈ گجرات میں سید شفقت نقوی ایڈووکیٹ، ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل کی دی گئی احتجاجی کال پر ہزاروں کی تعداد میں تنظیمی افراد، عزاداران اور ماتمداران امام حسین علیہ السلام نے شرکت کی۔

پروفیسر سید سرفراز حسین جعفری نے شرکاء سے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ کثیر تعداد میں شرکت کرنے پر عزاداروں کے شکر گزار ہیں۔

اعجاز نقوی نے کہا کہ غیر ذمہ دار انتظامیہ کے رویہ کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور اپنے صدر کے آئندہ کے حکم کے منتظر رہیں گے۔

اشتیاق کاظمی ڈویژنل نائب صدر نے کہا کہ کسی ایک فرد کی دھمکیوں سے ملت کو دبایا نہیں جا سکتا۔ اپنے تئیں مذاکرات کی کوشش کی گئی، تاہم طاقت کے نشے میں دھت افراد نے ضلع کے امن کو خراب کرنے کی ابتدا کی ہے۔ ہم اخلاق کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے اور نہ ہی اپنے مذہبی حقوق سے دستبردار ہوں گے۔ ضلع گجرات امن کمیٹی کے تعلیم یافتہ اور انتظامیہ سے تعاون کرنے والے افراد کو کمزور نہ سمجھا جائے۔

احتجاج میں کئی مطالبات بھی پیش کئے گئے، جس میں محرم ڈائری کے نام پر عزاداری کے پروگراموں کو بند کرنے اور محدود کرنے کے سلسلہ کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔ چادر اور چار دیواری کے اندر بپا کئے جانے والے مجالس و جلوس کے پروگراموں کو کسی بھی اجازت اور اطلاع سے آزاد کیا جائے۔ امن پسند افراد اور مقررین کی ضلع بندی اور زبان بندی ختم کی جائے۔ بانیان مجالس کے خلاف درج کیسز فی الفور ختم کئے جایئں۔ شیعہ علماء کونسل گجرات نے مطالبات کی منظوری کے لئے انتظامیہ کو 6 جنوری تک کی مہلت دی، بصورت دیگر 6 جنوری بروز جمعہ المبارک کو لانگ مارچ اور روڈ بلاک کرکے دھرنے دینے کا کہا گیا ہے۔

تصاویر ملاحظہ فرمائیں:

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری