ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کا باضابطہ اعلان


ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کا باضابطہ اعلان

امریکا کے الیکٹورل کالج نے ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے حوالے سے باضابطہ اعلان کردیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، امریکا کے الیکٹورل کالج نے ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے حوالے سے باضابطہ اعلان کردیا ہے۔

ڈونلڈٹرمپ نے 50 میں سے 31 ریاستوں میں الیکٹورل کالج کے305 ووٹ حاصل کیے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس اعلان کے بعد ٹرمپ کی 20 جنوری کو صدر کی حیثیت سے تقرری کی تصدیق ہوگئی ہے جنھوں نے 6 ہفتے قبل ڈیموکریٹک کی اُمیدوار ہیلری کلنٹن کو شکست دی تھی۔

امریکی انتخابات کے نائب صدر مائیک نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ 'ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک ہو،انھیں الیکٹورل کالج نے آج باضابطہ طور پر امریکا کا صدر منتخب کرلیا ہے'۔

خیال رہے کہ عام حالات میں الیکٹورل کالج کے ووٹ کو ربڑ سٹیمپ کے طور پر دیکھا جاتا ہے جس میں منتخب کرنے والے ملک بھر میں باضابطہ ووٹ ڈالتے ہیں تاہم حالیہ تناظر میں جب ہیلری کلنٹن سمیت دیگر کی جانب سے انتخابات کو متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی تھی مذکورہ اعلان بہت اہمیت کا حامل تصور کیا جارہا ہے۔

گذشتہ ہفتے امریکا کی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) اس نتیجے پر پہنچی تھی کہ 2016 کے صدارتی انتخابات میں روس کی مداخلت نہ صرف امریکی انتخابی نظام کے اعتماد میں کمزوری کی وجہ بنی ساتھ ہی ڈونلڈ ٹرمپ کی برتری اور وائٹ ہاؤس تک رسائی بھی اسی مداخلت کا نتیجہ ہے۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے امریکی افسران کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے ایسے افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے روسی حکومت سے رابطے تھے اور جنہوں نے ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی اور ہیلری کلنٹن کی صدارتی مہم کے چیئرمین سمیت دیگر افراد کی ہزاروں ہیکڈ ای میلز وکی لیکس کو فراہم کیں۔

افسران کا کہنا تھاکہ یہ افراد اس خفیہ کمیونٹی کا حصہ تھے جو روس کی جانب سے ٹرمپ کی مقبولیت کو بڑھانے اور ہیلری کی جیت کی امید کو کم کرنے کے لیے شروع کیے گئے آپریشن میں شامل تھے۔

واضح رہے کہ امریکا میں صدارتی انتخابات 2016 کے لیے 8 نومبر کو پولنگ ہوئی، جس کے بعد آنے والے نتائج نے اُس وقت سب کو حیران کردیا، جب ری پبلکن پارٹی کے رہنما ڈونلڈ ٹرمپ، ڈیموکریٹک پارٹی کی ہیلری کلنٹن کو اَپ سیٹ شکست دے کر 4 سال کے لیے امریکا کے 45 ویں صدر منتخب ہوگئے۔

اس طرح ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست اور ہیلری کلنٹن کی کامیابی سے متعلق تمام تبصرے، تجزیے اور سروے نتائج غلط ثابت ہوئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ اور ہیلری کلنٹن کے درمیان عہدہ صدارت کے لیے کانٹے کا مقابلہ ہوا جس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے 290 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے جبکہ صدر منتخب ہونے کے لیے 538 میں سے کم سے کم 270 الیکٹورل ووٹ کی ضرورت تھی۔

ٹرمپ کی حریف ہیلری کلنٹن 218 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری 2017 کو براک اوباما کی جگہ عہدہ صدارت کا حلف اٹھائیں گے اور وہ امریکا کی 240 سالہ تاریخ میں معمر ترین صدر ہوں گے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری