میکسیکو کے دارالحکومت میں دھماکے، 27 افراد ہلاک 70 سے زائد زخمی


میکسیکو کے دارالحکومت میں دھماکے، 27 افراد ہلاک 70 سے زائد زخمی

میکسیکو کے دارالحکومت میں آتشبازی کے سامان کی مارکیٹ میں ہونے والے متعدد دھماکوں کے نتیجے میں کم سے کم 27 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، میکسیکو کے دارالحکومت میں آتشبازی کے سامان کی مارکیٹ میں ہونے والے متعدد دھماکوں کے نتیجے میں کم سے کم 27 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے رپورٹ دی ہے کہ میکسیکو کے سینیئر سول پروٹیکشن کے عہدیدار نے بتایا کہ مکیسکو شہر سے شمال میں 32 کلومیٹر پر قائم علاقے ٹولٹ پک میں ایک آتشبازی کی مارکیٹ میں دھماکے ہوئے۔

مقامی ٹی وی پر نشر ہونے والی فوٹیج میں دھماکوں کے دوران ہر جانب آگ اور دھواں اٹھتا دیکھا جاسکتا ہے۔

نیشنل ایمرجنسی سروس کے سربراہ لوئس فلپ کا کہنا تھا کہ واقعے میں متعدد افراد زخمی ہیں جبکہ ان میں اضافے کا خدشہ بھی ہے۔

دوسری جانب فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اپنی رپورٹ میں حکام کے حوالے سے 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالات پر قابو پانے کیلئے فوج کو طلب کرلیا گیا ہے جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے زخمیوں کو منتقل کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر بھی طلب کرلیے گئے ہیں۔

ادھر غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق میکسیکن ریڈ کراس کا کہنا تھا کہ 10 ایمبولنس اور 50 رضاکار جائے وقوعہ کی جانب بھیج دیے گئے ہیں۔

ادارے کے عہدیدار نے لوگوں کو مذکورہ مقام کی جانب جانے سے روکتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ کے قریب موجود متعدد مکانات بھی تباہ ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں کہ آتشبازی کے آخری سامان کے جل جانے تک لوگوں کو اس کے قریب جانے سے روکا جائے۔

خیال رہے کہ 2005 میں میکسیکو کے قومی دن کے موقع پر مذکورہ مارکیٹ میں ہونے والی آتشزدگی کے باعث متعدد دھماکے ہوئے تھے جس میں کم سے کم 100 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اسی طرح کا ایک واقعہ 2006 میں سان پادلیٹو کی مارکیٹ میں بھی پیش آیا تھا جس میں سیکڑوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ میکسیکو میں کرسمس سمیت دیگر تعطیلات کے موقع پر آتشبازی کرنا ایک معمول کا عمل ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری