شام میں دہشتگردی کیخلاف کاروائیاں جاری رہیں گی/ قزاقستان مذاکرات کامیابی کے لئے نیک شگون


شام میں دہشتگردی کیخلاف کاروائیاں جاری رہیں گی/ قزاقستان مذاکرات کامیابی کے لئے نیک شگون

ایران اور روس کے صدور نے قزاقستان میں ہونے والے مذاکرات کو کامیابی کے لئے نیک شگون قرار دیا اور تاکید کی کہ حلب کی عظیم فتح کے بعد بھی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوری ایران اور روس کے صدور نے فون پر رابطہ کرکے اس بات پر تاکید کی ہے کہ حلب کی عظیم فتح کے بعد بھی دہشت گردی کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ایک ٹیلی فون رابطے کے دوران حلب کی آزادی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتح حلب نے دہشت گردوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ اب وہ اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔

حسن روحانی نے قزاقستان میں ہونے والے مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا: قزاقستان شامی حکومت اور مخالفین کے لئے مناسب جگہ ہے، قزاقستان میں ہونے والے  مذاکرات کامیابی کے لئے ایک اور اہم قدم ہے۔

ایرانی صدر نے روسی سفیر کے قتل کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اس قسم کی حرکتوں سے واضح ہوتا ہے کہ اب دہشت گردوں نے اپنا بھیس بدل لیا ہے اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں کامیاب ہونے کی کوشش کررہے ہیں لہذا ہمیں بے حد ہوشیار رہنا چاہئے۔

حسن روحانی نے اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے درمیان شامی عوام کیلئے ادویات اور خوراک کی فراہمی کے حوالے سے باہمی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا: شام میں دہشت گرد جنگ بندی سے فائدہ اٹھا کر ایک بار پھر منظم ہونے کی کوشش کرسکتے ہیں، روس اور ایران کو حساس علاقوں پر کڑی نظر رکھنی چاہئے تاکہ دہشت گرد دوبارہ منظم نہ ہو پائیں۔

روسی صدر نے حلب میں شامی فوج کی فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا: تہران اور ماسکو کے درمیان خطے کے سیاسی مسائل کے بارے میں تعاون جاری رہے گا۔

ولادیمیر پیوٹن کا کہنا تھا: ایران اور روس کے درمیان تعاون کا ثمر حلب کی آزادی کی صورت میں سامنے آیا ہے اور دونوں ممالک دہشت گردی کے خلاف روابط کو مزید مستحکم بنائیں گے۔

روسی صدر کا کہنا تھا: شام میں امن و امان کے لئے مذاکرات کا آغاز قزاقستان سے ہی ہونا چاہئے۔

دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی سطح پر سیاسی مسائل کے بارے میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی تاکید کی ہے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری