سی پیک پر تنقید نہ رکی تو یہ بھی کالاباغ ڈیم بن جائے گا، وفاقی وزیر ریلوے


سی پیک پر تنقید نہ رکی تو یہ بھی کالاباغ ڈیم بن جائے گا، وفاقی وزیر ریلوے

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پر تنقید سے گریز کریں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، سی پیک میں زیادہ حصے کا مطالبہ کرنے والے سیاسی رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ 'اگر ہر کوئی یہ چاہے گا کہ سڑک اس کے علاقے سے ہوکر گزرے تو اس طرح ہم یہ منصوبہ پورا نہیں کرسکیں گے'۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق، لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے لیے امید کی کرن ہے حالانکہ کئی ممالک بشمول پڑوسی ممالک اس کے خلاف کام کررہے ہیں۔

سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے دشمن پاکستان کو ترقی کرتا ہوا اور اپنے پاؤں پرکھڑا ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے کیوں کہ وہ جانتے ہیں کہ پاکستان امیر ملکوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سیاسی رہنماؤں نے سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ترک نہ کی تو یہ منصوبہ بھی کالا باغ ڈیم بن جائے گا۔

اپنے خطاب کے دوران خواجہ سعد رفیق نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ بلاول کو چاہیے کہ وہ اپنی پارٹی کے ماضی پر نظر ڈالیں اور اس سے سبق سیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو سیاسی نعرے بازی کرنے کے بجائے کارکردگی پر توجہ دینی چاہیے کیوں کہ 2018 کے انتخابات محض کارکردگی کی بنیاد پر ہی لڑے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صوابی میں جلسے سے خطاب میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سی پیک کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سی پیک سے ہمارے بچوں کا مستقبل سنور جائے گا تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سی پیک پر مسئلہ چین سے نہیں بلکہ وفاقی حکومت سے ہے۔

عمران خان نے کہا تھا کہ تینوں چھوٹے صوبے وفاقی حکومت سے مطالبہ کریں کہ جو بھی سی پیک کے معاہدے ہیں وہ ہمیں دکھائے جائیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری