عراقی وزیر خارجہ کی ایک بار پھر ترک فوجیوں کے انخلاء پر تاکید


عراقی وزیر خارجہ کی ایک بار پھر ترک فوجیوں کے انخلاء پر تاکید

عراقی وزیر خارجہ نے ترک سفیر کے ساتھ ملاقات کے دوران ایک بار پھر تاکید کی ہے کہ عراق کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی بنیاد پر استوار ہیں اور بغداد حکومت اس سلسلے میں مکمل پابند رہا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے ایک بار پھر اپنے ملک سے ترک فوجیوں کے انخلاء پر تاکید کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، عراقی وزیر خارجہ نے بغداد میں ترک سفیر فاروق قیماق چی سے ملاقات کے دوران کہا کہ عراق کی حاکمیت کی مزید خلاف ورزی کو روکنے کے لئے ترک فوج کا عراق سے نکل جانا ناگزیر ہے۔

جعفری نے تاکید کی کہ عراق دیگر ممالک کے ساتھ ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر پابند ہے اور اس کے مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات بھی اسی بنیاد پر استوار ہیں۔

دونوں ممالک کے حکام نے ترکی میں دہشتگردی بالخصوص روسی سفیر کی ہلاکت اور اس بارے میں تحقیقات سے متعلق بھی گفتگو کی۔

واضح رہے کہ عراق اور ترکی کے تعلقات میں موصل شہر کے مضافات میں واقع بعیشقہ نامی چوکی میں ترک فوجیوں کی مداخلت کے بعد تناؤ آیا ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ ترکی نے بغداد کی موافقت کے بغیر عراق میں فوجی مداخلت کی ہے اور عراقی حکام مسلسل ان کے انخلاء پر تاکید کرتے آرہے ہیں۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری