سندھ طاس معاہدہ؛ عالمی بینک کے صدر کی وزیرخزانہ سے ٹیلیفونک رابطہ


سندھ طاس معاہدہ؛ عالمی بینک کے صدر کی وزیرخزانہ سے ٹیلیفونک رابطہ

عالمی بینک کے صدر جم یونگ کم نے وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے سندھ طاس معاہدے کے معاملے کے ممکنہ حل کیلیے بھرپور کوشش کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، وزیر خزانہ نے اپنے خط میں عالمی بینک کے صدر سے سندھ طاس معاہدہ کے حوالے سے اپنی ذمے داریاں نبھانے کا مطالبہ کیا تھا۔

عالمی بینک نے سندھ طاس معاہدہ کے حوالے سے اپنی کارروائی روکنے کا اعلان کیا تھا اور بھارت کی طرف سے درخواست پر غیر جانبدار مبصر کی تعیناتی بھی روک دی تھی۔

وزیر خزانہ نے عالمی بینک کے صدر کو آگاہ کیا تھا کہ عالمی بینک کا فیصلہ پاکستان کے مفاد اور سندھ طاس معاہدہ کیخلاف ہے۔

آن لائن نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ عالمی بینک کے صدر نے سندھ طاس معاہدے کے معاملے کے ممکنہ حل کیلیے بھرپور کوشش کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

علاوہ ازیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو میں اسحق ڈار نے کہا قومی سلامتی کو یقینی بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

انھوں نے کہا میری ٹائم سیکیورٹی، ساحلوں اور آبی حدود کے تحفظ کیلیے پاک بحریہ کا اہم کردار ہے۔

ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے وفاقی وزیر کو پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور ساحلی سرحدوں کی حفاظت اور پاک چین اقتصادی رہداری منصوبے کی سیکیورٹی کے امور پر بریفنگ دی۔ ملاقات کے دوران پاک بحریہ کی ترقیاتی اسکیموں اور بجٹ کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری