کشمیر، فلسطین، یمن و بحرین میں بھارتی، آل سعود و آل یہود کے مظالم کیخلاف قرارداد کی منظوری/ فلم و تصاویر


کشمیر، فلسطین، یمن و بحرین میں بھارتی، آل سعود و آل یہود کے مظالم کیخلاف قرارداد کی منظوری/ فلم و تصاویر

جعفریہ سپریم کونسل آزاد جموں و کشمیر نے وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سے ملاقات سے قبل کشمیر، فلسطین، یمن، بحرین، عراق، شام اور افغانستان میں مسلمانوں کے خلاف بھارتی، آل سعود اور آل یہود سمیت تمام اسلام دشمن قوتوں کیخلاف قراداد منظور کرائی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، جعفریہ سپریم کونسل آزاد جموں و کشمیر کا اجلاس مرکزی دفتر امام بارگاہ باب العلم لوئر چھتر مظفرآباد میں ہوا اجلاس کے اختتام پر جعفریہ سپریم کونسل کے اعلی سطحی وفد نے چیئرمین کونسل جناب سید شبیر حسین بخاری کی سربراہی میں وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ فاروق حیدر خان سے  وزیر اعظم ہاوس مظفرآباد میں ملت جعفریہ آزاد ریاست جموں و کشمیر کے جملہ مسائل کے حل کے سلسلہ میں ملاقات بھی کی۔ 

ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ملت جعفریہ کے جملہ مسائل جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

وزیر اعظم نے اجلاس کے شرکاء سے کہا کہ کونسل کے پلیٹ فارم سے ہر حکومتی محکمہ سے متعلق مسئلہ کی تحریری طور پر الگ  الگ فائل دیں جسکے بعد اکابرین ملت جعفریہ سے اس پر میٹنگ کر کے تمام مسائل کو متعلقہ محکمہ جات سے حل کروایا جائے گا۔

واضح رہے کہ ریاست کی قانون ساز اسمبلی کے گزشتہ انتخابات میں کونسل پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں و کشمیر کی اتحادی جماعت تھی۔ اور یہ اتحاد باقاعدہ معاہدہ کی صورت میں ہوا تھا جس میں کونسل کی جانب سے ملت جعفریہ آزاد جموں و کشمیر کے عرصہ سے زیر التوا مطالبات مسلم لیگ (ن) پاکستان آزاد جموں و کشمیر کے سامنے رکھے گئے تھے جنہیں اس وقت مسلم لیگ (ن ) آزاد کشمیر کی ریاستی قیادت نے منظور کیا تھا جس کے بعد جعفریہ سپریم کونسل آزاد جموں و کشمیر نے  آزاد ریاست کی قانون ساز اسمبلی کی تمام نشستوں پر مسلم لیگ (ن)  سے انتخابی اتحاد کیا تھا۔

اتحاد کے اعلان کے موقع پر پریس کانفرنس میں بھی وزیر اعظم جو اس وقت ملسم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف تھے، نے ملت جعفریہ کے جملہ مسائل میں سے بعض کی نشاندہی کر کے حل کروانے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

اسمبلی الیکشن اور حکومت کی تشکیل کے بعد جعفریہ سپریم کونسل آزاد جموں وکشمیر کے نمائندہ وفد کی وزیراعظم سے یہ پہلی باضابطہ ملاقت تھی۔

اس ملاقات میں کونسل کے درج ذیل افراد شامل تھے۔

1:سید شبیر حسین بخاری (چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل) مظفرآباد
2: مولانا فرید عباس نقوی(سینئر وائس چیئرمین) مظفرآباد
3: سید ریاض احمد جعفری(سینئر وائس چیئرمین) پونچھ۔
4: سید الطاف حسین بخاری(سینئر وائس چیئرمین مظفرآباد ڈویژن)
5: ایس۔پی ریٹائرڈ سید عارف حسین کاظمی(سینئر وائس چیئرمین پونچھ ڈویژن) باغ
6: سید منور حسین کاظمی(وائس چیئرمین) نیلم
7: محمد رزاق جعفری(مرکزی جنرل سیکرٹری) سموال شریف میرپور
8: افتخار حسین مغل(مرکزی سیکرٹری مالیات) مظفرآباد
9: سید مجاہد حسین کاظمی(مرکزی سیکرٹری قومی امور)ڈڈیال میرپور
10: سید عارف حسین بخاری(مرکزی سیکرٹری امور عزاداری) مظفرآباد
11: سید فیاض حسین بخاری(ضلعی صدر کوٹلی)
12: ذوالفقار حسین جعفری(ضلعی صدر بھمبر)
13: سید سجاد حسین جعفری(ضلعی صدر سدھنوتی)
14: سید مبارک حسین نقوی(جنرل سیکرٹری ضلع ہٹیاں بالا)
15: مولانا حافظ کفایت حسین نقوی(ممبر کونسل) مظفرآباد
16: سید افتخار حسین کاظمی(ممبر کونسل)مظفرآباد
17: سید وقار حسین کاظمی ایڈوکیٹ(ممبر کونسل)مظفرآباد
18: مولانا سید معصوم سبزواری(ممبر کونسل)مظفرآباد

قبل ازیں کونسل کے اجلاس میں آئندہ چیئرمین کے انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن کا تقرر ہوا۔ سید ریاض احمد جعفری (سینئر وائس چیئرمین) کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا جو کونسل کے دستور کے مطابق چیئرمین کا انتخاب کروائیں گے۔

جعفریہ سپریم کونسل کے اس اجلاس میں درج ذیل قراردیں بھی منظور کی گئیں۔

1: شرکائے اجلاس مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں بھارتی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ریاست جموں و کشمیر کی عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

2:  شرکائے اجلاس نہتی فلسطینی عوام پر غاصب صہیونی حکومت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور  اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان مظالم کو رکوانے نیز فلسطینی علاقوں میں صہیونی بستیوں کی تعمیر رکوانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور یروشلم سمیت تمام مقبوضہ فلسطینی علاقے خالی کروانے میں فلسطینی عوام کی جدوجہد کا ساتھ دیں۔

3: شرکائے اجلاس وطن عزیز پاکستان میں ہر طرح کی دہشت گردی، فرقہ واریت، لسانی تعصب کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور دہشت گردی کے خاتمہ میں افواج پاکستان کے کردار کو بھرپور سراہتے ہیں۔

4: شرکائے اجلاس ملت جعفریہ پاکستان کے جملہ عمائدین کے خلاف حکومتی بیلنس پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ شیڈول فور میں جملہ عمائدین کے بیلنس پالیسی کے تحت شامل کیے گئے نام نکالے جائیں۔

5: شرکائے اجلاس یمن پر سعودی حکومت کی جارحیت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ، او۔آئی۔سی اور عرب لیگ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غیر جانبدارانہ کردار ادا کرتے ہوئے سعودی جارحیت بند کروانے نیز یمن کے داخلی معاملات میں بیرونی مداخلت خصوصا سعودی مداخلت کو بند کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

6: شرکائے اجلاس بحرینی عوام کی اپنے حقوق اور جمہوری حکومت کے قیام کے حق میں چلائی جانے والی تحریک کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بحرین کی حکومت کی جانب سے گرفتار کیے گئے سیاسی راہنماؤں کی رہائی، آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کیے جانے کے عمل کو روکنے نیز جمہوری، سیاسی حقوق کی بحالی کے سلسلہ میں حمایت کرے۔

7: شرکائے اجلاس عراق، شام، افغانستان اور دنیا کے دیگر ممالک میں دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتے ہیں نیز اقوام عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عراق، شام اور افغانستان کی حکومتوں کا دہشت گردوں کی سرکوبی کے عمل میں بھرپور ساتھ دیں۔

8: شرکائے اجلاس مطالبہ کرتے ہیں کہ مسلم ممالک آپس کے تنازعات کو او۔ائی۔سی کی سطح پر باہمی بات چیت اور سیاسی عمل کے ذریعہ حل کریں نا کہ جنگوں کے ذریعہ۔

9: شرکائے اجلاس مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت آزاد جموں و کشمیر آزاد ریاست کو تعمیر و ترقی کے حوالہ سے مثالی خطہ بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے نیز ریاست میں عدل و انصاف کو فروغ دینے اور میرٹ پر کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔

10: شرکائے اجلاس مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت آزاد جموں و کشمیر دینی مدارس کی رجسٹریشن کے عمل میں سستی کو دور کرواتے ہوئے ایسے تمام دینی مدارس جنہوں نے اپنی رجسٹریشن کے کاغذات محکمہ امور دینیہ میں جمع کروائے ہوئے ہیں انکی تحت ضابطہ رجسٹریشن کے عمل کو تیز کروائے۔

واضح رہے کہ جعفریہ سپریم کونسل آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن آزاد کشمیر میں ریاستی سطح کی رجسٹرڈ مذہبی سیاسی جماعت ہے جو آزاد ریاست کے تمام اضلاع میں اپنے قیام 17 مارچ 2010 سے تاحال مضبوط تنظیمی ڈھانچہ رکھتی ہے۔

اسکے موجودہ چیئرمین سید شبیر حسین بخاری ہیں جبکہ سرپرست اعلی انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر (مقبوضہ جموں و کشمیر) کے سربراہ حجتہ الاسلام آغا سید حسن موسوی البڈگامی ہیں۔

یہ بھی واضح رہے کہ اس جماعت کا عہدیدار اسکے دستور کے مطابق وہی ہوسکتا ہے جو نظریہ ولایت فقیہ پر یقین رکھتا ہو۔

آخر میں انتخابی اتحاد کے وقت موجودہ وزیر اعظم آزاد ریاست کے پریس کانفرنس میں ملت جعفریہ کے بارے میں تاثرات اور کچھ مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہیں حل کرنے کی یقین دہانی اور تعھدات کی ویڈیو ملاحظہ فرمائیں:

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری