مغربی ممالک میں اسلاموفوبیا عروج پر/ ہالینڈ میں اسلامک سنٹر کو آگ لگادی گئی


مغربی ممالک میں اسلاموفوبیا عروج پر/ ہالینڈ میں اسلامک سنٹر کو آگ لگادی گئی

آزادی اظہار رائے کے داعی مغربی ممالک میں اسلام ہراسی اپنے عروج پر ہے جس کی زندہ مثال آئے روز حجاب پر پابندیاں اور مسلمانوں کے ساتھ متعصبانہ رویہ ہے جبکہ ہالینڈ میں اسلامک سنٹر کو آگ لگانا بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، یورپی ممالک میں اسلام ہراسی مسلسل عروج پر ہے اور اس سلسلے میں تازہ ترین خبر ہالینڈ میں اسلامک سنٹر کو آگ لگانے سے متعلق موصول ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، ہالینڈ میں شر پسندوں نے اسلامک سینٹر کو آگ لگا دی جس نے قریبی عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہالینڈ کے علاقے کیولم برگ میں موجود اسلامک سینٹر کی عمارت کو نامعلوم شرپسندوں نے آگ لگادی، آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیے لیا تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

واقعے کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں تاہم آگ پھیلنے کی وجہ سے 2 قریبی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔

حکام کے مطابق اسلامک سینٹر کی یہ عمارت ایک اسلامک تنظیم نے مسجد کے قیام کے لیے خریدی تھی جس کا تعمیری کام جاری تھا۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ آگ کچھ شرپسندوں نے جان بوجھ کر لگائی ہے تاہم ابھی تک واقعے کی ذمہ داری کسی نے قبول کی نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران ہالینڈ سمیت مغربی ممالک میں مسلمانوں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری