کیا اقوام متحدہ کسی ملک کے خلاف قدم اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے؟


کیا اقوام متحدہ کسی ملک کے خلاف قدم اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے؟

اگرچہ اقوام عالم بالخصوص مسلمان ممالک کیلئے درپیش مسائل ہمیشہ سے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر پیش کئے جاتے رہے ہیں لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تنظیم کے اقدامات فقط کاغذی کاروائیوں تک محدود ہوگئی ہیں اور اس تنظیم میں کسی ملک کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھانے کی صلاحیت نہیں ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، دفتر خارجہ نے بھارت کی پاکستان میں مداخلت کے تمام ترثبوت پر ڈوزیئر تشکیل دے دیا جسے جلد اقوام متحدہ میں پیش کیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی مداخلت کے تمام تر ثبوت حاصل کرلئے ہیں اور اس پر ڈوزیئر تشکیل دے دیا ہے، ڈوزیئر میں سی پیک کی جاسوسی کرنے والی پاکستانی پانیوں میں بھارتی آبدوز کا بھی ذکر ہے اور بھارتی آبدوز کے وڈیو ثبوت بھی ہیں جب کہ کل بھوشن یادو کا اعترافی بیان اور متعلقہ دستاویزات بھی ڈوزیئر کا حصہ ہیں۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈوزیئر مکمل کرکے نیویارک میں موجود پاکستانی مشن کو پہنچا دیا گیا، جنوری کے دوسرے ہفتے میں ڈوزئیر اقوام متحدہ میں دیے جانے کا امکان ہے جب کہ اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی سیکرٹری جنرل کو ڈوزیئر دیں گی اور اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل کے چارج سنبھالتے ہی ڈوزیئر پیش کیا جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ پاکستان سمیت دنیائے اسلام سے متعلق تمام مسائل بالخصوص کشمیر اور فلسطین جو دہائیوں سے اقوام متحدہ کی میز پر رکھے گئے ہیں جن کو حل کرنے کی اس تنظیم میں صلاحیت نہیں ہے تو ایسی صورت میں بھارت کے خلاف شواہد اکٹھے کرنا اور پھر پیش کرنا صرف اور صرف کاغذی کاروائی ہی ہوگی جبکہ ماضی کے پیش نظر، اس ضمن میں اقوام متحدہ کی جانب سے کسی بھی قسم کی توقع نہیں کی جاسکتی ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری