پاکستان ،ترکی، سعودی عرب اور ایران اتحاد امت کی ترجیحات پر اکٹھے ہوجائیں


پاکستان ،ترکی، سعودی عرب اور ایران اتحاد امت کی ترجیحات پر اکٹھے ہوجائیں

جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ پاکستان، ترکی، سعودی عرب اور ایران اتحاد امت کی ترجیحات پر اکٹھے ہوجائیں تو مسائل کے حل کے دروازے کھل جائیں گے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی میں امت رسولﷺ مارچ بہت ہی شاندار،ایمان پرور اور اتحاد امت کا فقید المثال مظاہر ہ تھا۔ پاکستان کے عوام حلب،کشمیر، فلسطین اور برما کے مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔ عراق، افغانستان، یمن میں بیرونی طاقتیں اپنے مفادات کے لیے مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل رہی ہیں۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ جماعت اسلامی نے گزشتہ دنوں کراچی میں ریلی کا انعقاد کیا تھا جس پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا گیا تھا کہ اس ریلی میں داعش اور القاعدہ کی حمایت میں نعرے لگائے گئے ہیں جبکہ دہشتگرد گروہ داعش کا پرچم بھی دیکھا گیا ہے۔

عالم اسلام کے مسائل کا حل اتحاد امت میں ہے۔مسلم ممالک کے سربراہ بے حسی، لاتعلقی، عرب و عجم، شیعہ سنی تفریق سے بالاتر ہوکر مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کریں۔ پاکستان ،ترکی، سعودی عرب اور ایران اتحاد امت کی ترجیحات پر اکٹھے ہوجائیں تو مسائل کے حل کے دروازے کھل جائیں گے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ نوجوان ملک و ملت کا سرمایہ ہیں۔ پاکستان سے والہانہ محبت اور اس کے چپے چپے کی حفاظت کا عزم رکھتے ہیں۔ نوجوان باعزت روزی اور زندگی کی باوقار سہولیات چاہتے ہیں۔ نوجوان کو منشیات، جرائم اور بے مقصد زندگی سے بچانے کے لیے روزگار اور کھیل کے میدان دینے ہونگے۔ حکمران طبقہ نوجوانوں کو نظر انداز کررہا ہے۔ حکومتی رویے نوجوانوں میں مایوسی، ردعمل اور خونی انقلاب کے راستے ہموار کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مظلوم عوام ،خواتین ،نوجوانوں اور محب وطن اقلیتوں کے حقوق کی محافظ ہے۔دینی قوتوں سے مل کر پاکستان کو نظریاتی معاشی اور انتخابی کرپشن سے نجات دلائیں گے۔محب دین ،محب وطن عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری