موصل میں عراقی فوج کی پیش قدمی جاری


موصل میں عراقی فوج کی پیش قدمی جاری

عراقی فوج کا کہنا ہے کہ داعش کے خلاف آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور موصل کے متعدد محلوں میں داعشی دہشت گردوں کا قلع قمع کردیا گیا ہے جبکہ بعض علاقوں میں آپریشن کچھ مصلحتوں کی بنا پر سست روی کا شکار ہے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کے مطابق روئٹرز نے عراقی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورسز کی داعش کے خلاف آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور موصل کے مضافات میں متعدد دیہاتوں سمیت شہر کے کئی محلوں سے دہشت گردوں کا صفایا کردیا گیا ہے۔

موصل کے شہریوں کا کہنا ہے کہ جب داعش کو عراقی فوج کے ہاتھوں شکست کا سامنا ہوتا ہے تو راہ فرار اختیار کرتے ہیں اور جاتے ہوئے بے گناہ شہریوں کا قتل عام کرتے ہیں۔

بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ موصل میں اب تک 700 سے زائد عام شہری زخمی ہوچکے ہیں اور حکومت کے زیر انتظام ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

عراقی حکومت نے 2016 کے آخر تک موصل کو داعش کی چنگل سے آزاد کرانے کا وعدہ کیا تھا تاہم کچھ مصلحتوں کی وجہ سے آپریشن کی رفتار سست کردی گئی۔

عراقی فوج کا کہنا ہے کہ داعش دہشت گرد عام شہریوں کو ڈھال کے طور استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے فوج کو کافی دقت کرنی پڑتی ہے۔

واضح رہے کہ موصل میں عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورسز نہایت کامیابی کے ساتھ آپریشن میں مصروف ہیں اور عراقی فوج نے موصل شہر کے اندر کئی کارروائیاں کرکے دہشت گردوں کو سخت نقصان پہنچا کر محلوں میں موجود سرکاری عمارتوں پر عراقی قومی پرچم لہرایا ہے۔

عراقی فوج کا کہنا ہے کہ فوجی جوان صوبہ نینوا میں موجود آثار قدیمہ کے علاقے کے قریب پہنچ گئے ہیں، عنقریب اس علاقے کو بھی دہشت گردوں کی چنگل سے آزاد کرالیا جائے گا۔

عراقی وزیراعظم نے  (پیر 17 اکتوبر) کو موصل شہر کی دہشت گرد گروہ داعش سے آزادی کے لئے وسیع پیمانے پر کاروائیوں کے آغاز کی خبر دی تھی۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری