دہشت گرد امریکی دخل اندازیوں کی وجہ سے عراق تک پہنچ گئے، العبادی


دہشت گرد امریکی دخل اندازیوں کی وجہ سے عراق تک پہنچ گئے، العبادی

عراقی وزیراعظم نے امریکی دخل اندازیوں کی وجہ سے پہنچنے والے نقصانات کے بارے میں تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق میں دہشت گرد امریکہ کی وجہ سے ہی آئے ہیں۔

تسنیم خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کا کہنا ہے کہ عراقی فوج موصل میں مسلسل پیش قدمی کررہی ہے، اب فوج نے مغربی موصل میں آپریشن کا آغاز کردیا ہے، داعش کی کمرتوڑ دی گئی ہے، داعش اب بہت کمزور ہوچکی ہے۔

العبادی کا کہنا ہے کہ عراق پوری دنیا کی جانب سے دہشت گردی کا مقابلہ کر رہا ہے، دنیا کو عراق کا شکرگزار ہونا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا: عراق دہشت گردوں کی ایک تنظیم سے نہیں بلکہ تکفیری افکار کے خلاف لڑ رہا ہے، لہذا اس کو ختم کرنے میں وقت لگے گا۔

حیدر العبادی نے داعش کی طرف سے کئے جانے والے مختلف حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: عراقی فوج نے دہشت گردوں کے کئی حملوں کو پسپا کرکے ان کے حوصلے پست کردئے ہیں اب دہشت گردوں میں حملہ کرنے کی ہمت نہیں ہے وہ اپنے دفاع پر اتر آئے ہیں، دہشت گرد عراقی فوج سے بچنے کی خاطر عوام کو بطور ڈھال استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موصل کو بہت پہلے آزاد کراچکے ہوتے لیکن شہریوں کی جان و مال کی تحفظ کی خاطر پیش قدمی کی رفتار کو عمدا سست رکھا گیا ہے تاکہ عام شہریوں کی جانیں محفوظ رہیں۔

وزیر اعظم نے موصل کے شہریوں سے کہا کہ دہشت گردوں کو دوبارہ رہائشی مکانات میں داخل ہونے کی اجازت نہ دیں اور عراقی فوج کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں۔

العبادی نے امریکہ کی عراق کےمتعلق پالیسی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا: عراق میں امریکی دخل اندازیوں کی وجہ سے دہشت گرد ہماری سرزمین تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔

حیدر العبادی نے 2003 میں کی جانے والی امریکی مداخلتوں کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا اور کہا: امریکی دخل اندازیوں کی وجہ سے عراق کو پہنچنے والے نقصانات کے بارے میں تحقیقات ہونی چاہئے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری