سرتاج عزیز اوآئی سی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے


سرتاج عزیز اوآئی سی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے

خارجہ امور کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز کل کوالالمپور میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرا خارجہ کی کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، یہ غیر معمولی اجلاس ملائیشیا کی حکومت کی درخواست پر بلایا گیا ہے جس میں میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار اور راکھین صوبے میں انسانی امداد کی فراہمی سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔

توقع ہے کہ اجلاس میں تشدد کی بنیادی وجوہات کے خاتمے اور بے گھر روہنگیا مسلمانوں کی واپسی سے متعلق اقدامات پر زور دیا جائے۔

اسی طرح توقع کی جا رہی ہے کہ وزرا خارجہ کے غیر معمولی اجلاس میں میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی صورتحال کے بارے میں اس حتمی اعلامیے اور قرارداد کی منظوری دی جائے گی جسے اجلاس میں بحث کیلئے پیش کیا جائے گا۔

پاکستان نے روہنگیا مسلمانوں کا مسئلہ متعدد عالمی فورم پر اٹھایا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم پر بھی زور دیا ہے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کو در پیش مشکلات کے خاتمے کیلئے اقدامات کرے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے روہنگیا مسلمانوں کیلئے پچاس لاکھ ڈالر مالیت کے چاول کی امداد کا اعلان کیا ہے پاکستان متاثرہ افراد میں اس امداد کی تقسیم کے لئے موزوں طریقہ تلاش کررہا ہے۔

یاد رہے کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کو ریاستی جبر کا نشانہ بنائے جانے کی خبریں عالمی میڈیا میں آنے کے بعد اقوام متحدہ کا ایک وفد تحقیقات کے لئے چند روز قبل ہی ریاست راکھنی پہنچا۔ مذکورہ وفد 12 روزہ دورے کے دوران متاثرہ افراد سے ملاقاتیں کرے گا اور ان کے بیانات کی روشنی میں رپورٹ مرتب کرے گا۔

اسی زمرے میں 2 ہفتے قبل ملالہ یوسفزئی اور آرچ بشپ ڈیسمنڈ ٹوٹو سمیت نوبل انعام پانے والی 22 شخصیات نے اقوام متحدہ سے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام رکوانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ان شخصیات نے اقوام متحدہ سے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام رکوانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میانمار میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، مناسب کارووائی نہ کی گئی تو لوگ گولیوں سے نہیں تو بھوک سے یقینا مر جائیں گے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری