چین کی بڑی کمپنی علی بابا گروپ پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہاں


چین کی بڑی کمپنی علی بابا گروپ پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہاں

دنیا کی چند بڑی ای کامرس کمپنیوں میں سے ایک علی بابا نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کردیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں وزیراعظم نواز شریف سے ای کامرس کمپنی علی بابا کے چیئرمین جیک ما نے ملاقات کی جس میں جیک ما کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کا جائزہ لے رہے ہیں اور وہاں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے نے بہترین مواقع فراہم کیے ہیں۔ پاکستان میں ای کامرس پلیٹ فارم کی تشکیل کے حوالے سے سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کو بتایا کہ علی بابا سے دنیا بھر میں چھ کروڑ کمپنیاں استفادہ کررہی ہیں اور ترقی پذیر ممالک میں چھوٹے پیمانے کی صنعتوں کو ترقی میں مدد دینا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے علی بابا گروپ کے چیئرمین کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جبکہ جیک ما نے بھی وزیراعظم کو چین کے شہر ہانگژو میں علی بابا کے صدر دفتر میں آنے کی دعوت دی۔

واضح رہے کہ علی بابا کا قیام 17 سال قبل 4 اپریل 1999 میں ہوا تھا۔ اس کا ہیڈکوارٹر چین میں ہے اور اس کا شمار دنیا کی چند بڑی ای کامرس کمپنیوں میں ہوتا ہے جو ہر سال اربوں ڈالرز کا بزنس دنیا بھر میں کرتی ہے۔

اس کمپنی کو 2015 کے آخر میں بھی پاکستان میں کام کرنے کی دعوت دی گئی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں اس کمپنی نے چین میں فقط ایک دن میں 7.8 ارب ڈالرز (اٹھارہ کھرب پاکستانی روپے سے زائد) کی مصنوعات فروخت کرکے ایک ریکارڈ قائم کیا تھا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری