تہران؛ پلاسکو شاپنگ مال آتشزدگی کے باعث زمین بوس ہوگیا/ ویڈیو رپورٹ


تہران؛ پلاسکو شاپنگ مال آتشزدگی کے باعث زمین بوس ہوگیا/ ویڈیو رپورٹ

ایران کے صدر مقام تہران میں پلاسکو نامی شاپنگ مال آگ لگنے سے زمین بوس ہوگیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 20 فائر فائٹرز شہید ہوئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں پلاسکو نامی شاپنگ مال آگ لگنے کے بعد زمین بوس ہوگیا جس کے نتیجے میں 20 فائر فائٹرز شہید ہوئے۔

پلاسکو شاپنگ مال بڑے پیمانے پر آگ اور خستہ حالی کی وجہ سے زمین بوس ہوگیا ہے۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے وزیرداخلہ کو حادثے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔

ملبے کے نیچے دبے فائر فائٹرز نے فون کرکے اپنے زندہ بچ جانے کی اطلاع دی ہے۔

دریں اثناء تہران سٹی کونسل ڈویلپمنٹ کمیٹی نے بتایا کہ بعض ذرائع کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ ایک سے تین امدادی کارکن گرنے والے ملبے کے پیچھے رہ گئے ہیں تاہم وہ ابھی تک زندہ ہیں جنہوں نے پلاسکو شاپنگ مال کے بیسمنٹ میں پناہ لی ہے۔

ایران کے وزیر صحت قاضی زادہ ہاشمی نے ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: امید ہے اس حادثے کی تحقیقات کی جائیں گی تاکہ آئندہ کیلئے ایسی حوادث سے بچا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ علاقے کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ابھی تک 23 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے صرف ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔

تفصیلات کے مطابق عمارت میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ لگی تھی جسے بھجانے کے لئے امدادی کارروائیاں جاری تھی کہ اسی دوران پوری عمارت زمین بوس ہوگئی۔

عمارت کے زمین بوس ہونے سے متعدد فائر فائٹر ملبے تلے دب گئے تھے جن میں سے اکثر کو باحفاظت نکالا گیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق جس مقام پر یہ عمارت واقع ہے وہ ایک مصروف ترین بازار بھی ہے آگ لگنے کے باعث لوگ جلدی جلدی اپنا سامان جمع کرنے میں مصروف تھے کہ اسی لمحے بلڈنگ زمین بوس ہوگئی۔

عمارت گرنے کے بعد ہر طرف دھوئیں اور مٹی کے بادل چھاگئے اسی دل خراش لمحے کو ایک کیمرہ مین نے اپنی ویڈیو میں محفوظ کرلیا ہے جس میں بلڈنگ گرنے کے مناظر اور اس کے بعد ہونے والے افراتفری دیکھی جاسکتی ہیں۔

 

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری