ایران، پاکستان کو مزید بجلی دے گا


ایران، پاکستان کو مزید بجلی دے گا

ایران کی جانب سے پاکستان کو برآمد کی جانے والی بجلی کی مقدار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے.

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایران پاکستان میں بجلی کی کمی کو پورا کرنے میں مدد کے لیے بجلی کی برآمد کو بڑھارہا ہے۔

گو کہ گزشتہ سال بھی حکومت پاکستان نے ایران سے بجلی کی درآمد میں اضافے کی تجویز دی تھی اور دونوں جانب سے اس معاملے پر کافی بحث بھی ہوئی لیکن تاحال اس ضمن میں کوئی عملی پیش رفت نہیں ہو پائی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کو ایک طویل مدت سے لوڈشیڈنگ کے مسئلے کا سامنا ہے جس کی وجہ سے پاکستانی قوم شدید ذہنی اذیت کا شکار ہے۔

حتی کہ ایک نجی نوعیت کے سروے کے مطابق، پاکستانی عوام نے دہشتگردی کے بعد لوڈشیڈنگ کو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا ہے۔

دھیان رہے کہ پاکستان اس وقت ایران سے روزانہ 74 میگاواٹ بجلی درآمد کرتا ہے اور اسے بڑھا کر روزانہ 104 میگاواٹ تک لے جانا چاہتا ہے جبکہ دونوں ممالک کے حکام کا عزم ہے کہ بجلی کی اس برآمد کو بتدریج بڑھاتے ہوئے ایک ہزار میگاواٹ تک لے جایا جائے۔

ایرانی وزیر نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ ان کا ملک اضافی بجلی دیگر ہمسایہ ممالک کو بھی دینے کے لیے تیار ہے۔

ایرانی حکومت کے مطابق ایران پاکستان کو بجلی کی فراہمی کے لیے صوبے سیستان و بلوچستان میں ایک نیا گرڈ اسٹیشن بنا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ایران مشرقی وسطی میں بجلی پیدا کرنے والا پہلا اور دنیا کا 11 واں بڑا ملک ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری