بھارت ٹرین حادثہ میں 27 افراد ہلاک، متعدد زخمی


بھارت ٹرین حادثہ میں 27 افراد ہلاک، متعدد زخمی

بھارت میں ٹرین کا انجن اور آٹھ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، حادثہ ضلع وزیا نگرم میں کونیرو اسٹیشن کے قریب اس وقت پیش آیا جب انجن سمیت 9 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں.

تفصیلات کے مطابق ٹرین جگدال پور سے ریاست اڑیسا کے شہر بھونیشور جا رہی تھی۔

بھارتی ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں 100 سے زائد افراد زخمی ہیں، جن کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ جس کے باعث مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ حادثہ مشرقی علاقے آندھرا پردیش میں پیش آیا۔ جائے حادثہ سے قریب ترین شہر کا فاصلہ قریبا 160 کلومیٹر ہے جس کی وجہ سے امدادی کارووائیوں میں رکاوٹ پیش آئی۔

حکام کے مطابق بہت سے افراد بوگیوں میں پھنسے رہے جبکہ امدادی کارکنوں نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

اب تک حادثے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم ابتدائی تحقیقات کے مطابق کسی فنی خرابی کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔

بھارتی وزیراعظم مودی نے حادثے میں ضائع ہونے والی قیمتی جانوں پر اظہار افسوس کیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، بھارت میں ہر سال ٹرین حادثات میں 15 ہزار افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری