ٹرمپ، سابق صدور کی پالیسیاں اپنانے سے گریز کریں، افغان طالبان


ٹرمپ، سابق صدور کی پالیسیاں اپنانے سے گریز کریں، افغان طالبان

افغان طالبان نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے انہیں خبردار کیا ہے کہ وہ سابق صدر جارج بش اور اوباما کی پالیسی اپنانے سے گریز کریں۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عہدہ صدارت کا  حلف اٹھانے کے بعد افغان طالبان نے ان کے نام پیغام جاری کیا جس میں انہیں خبردار کیا گیا ہے کہ وہ سابق صدر جارج بش اور اوباما کی پالیسی اپنانے سے گریز کریں ورنہ افغانستان میں تشدد کا سلسلہ جاری رہے گا۔

افغان طالبان کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ گزشتہ 16 برس سے جاری افغانستان میں امریکی سربراہی میں اتحادی افواج کی مداخلت کی وجہ سے تباہی، انسانی جانوں کا ضیاع اور اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا۔

افغان طالبان نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا ہے کہ امریکی مداخلت اور طاقت کے استعمال سے افغانستان کے لوگوں میں امریکا کا منفی تاثر قائم ہوا اور اس کے خلاف نفرت میں اضافہ ہوا۔

واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے تاحال افغانستان اور اس خطے کے حوالے سے اپنی پالیسی کا اعلان نہیں کیا ہے۔

یاد رہے کہ 8 نومبر کو جب ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدارتی انتخاب میں کامیاب ہوئے تھے تو اس وقت بھی افغان طالبان کی جانب سے بیان جاری کیا گیا تھا جس میں ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا گیا تھا کہ افغانستان سے امریکی فوج کو واپس بلا لیا جائے۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ نے کہا تھا کہ ہمیں امید ہے امریکا افغان حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری