چالوس ہائی وے کے دلفریب مناظر + تصاویر


چالوس ہائی وے کے دلفریب مناظر + تصاویر

یوں تو اسلامی جمہوریہ ایران، شاہراہیں بنانے میں دنیا بھر میں مشہور ہے لیکن آج ہم آپ کو ایک ایسے شاہراہ کی سیرکرانے جارہے ہیں جو ہر دیکھنے والے آنکھوں کو خیرہ کردیتی ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی: شاہراہ چالوس دنیا کی خوبصورت ترین شاہراہوں میں سے ایک ہے، ایران کے شمال میں واقع کرج - چالوس ہائی وے ملک کے دلفریب ترین مناظر پر مشتمل سڑک ہے، ہر ایرانی کی خواہش ہوتی ہے کہ سال میں ایک بار اس سڑک پر سفر کرکے لطف اندوز ہوجائے جس کی وجہ سے اس ہائی وے پر اکثر اوقات ٹریفک جام رہتا ہے۔

چالوس سڑک کی خوبصورتی اور قدرتی مناظر کی بدولت یہاں پر ہمیشہ سیاحوں کا ہجوم رہتا ہے، تہران اور کرج کے شہریوں کے لئے چالوس شاہراہ ایک منفرد تفریحی حیثیت رکھتی ہے، چالوس ہائی وے اسلامی جمہوری ایران کے صوبے البرز کے مرکزی شہر کرج سے شروع ہوتی ہے اور صوبہ مازندران پر ختم ہوتی ہے۔

بعض  لوگوں کا خیال ہے کہ چالوس ہائی وے کا شمار دنیا کی خوبصورت ترین سڑکوں میں ہوتا ہے۔

علاقے کی خوبصورتی کے علاوہ سڑک کی طرز تعمیر نے خوبصورتی کو دو بالا کردیا ہے جس کی وجہ سے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد اس علاقے کا رخ کرتی ہے۔

علاقے میں ایک خوبصورت ڈیم بھی بنایا گیا ہے، ڈیم کو دیکھنے سالانہ سیاحوں کی ایک بہت بڑی تعداد اس علاقے کا رخ کرتی ہے۔

سڑک کے کنارے سیاحوں کیلئے رہائشی سہولیات اور مختلف قسم کے ریسٹورنٹ نہایت خوبصورت انداز سے تعمیر کئے گئے ہیں۔

چالوس ہائی وے کی خصوصیات میں سے ایک یہ ہے کہ یہ سڑک مختلف دیہاتوں سے گزرتی ہے، ان دیہاتوں میں سے ایک «حسنک ‌در» ہے جوکہ کرج شہر سے 72 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

حسنک ‌در میں مختلف قسم کے پھلوں کے  باغات پائے جاتے ہیں، اس گاؤں میں ایک چھوٹی سی نہر بھی موجود ہے جو تین ہزار 850 میٹر کی بلندی سے آبشار کی صورت میں گرتی ہے، پہاڑ سے آنے والے پانی کو دیکھ کر ہر کوئی لطف اندوز ہوتا ہے۔

حسنک در سیاحوں کے لئے ایک بہترین جگہ ہے تاہم اس علاقے کے لئے سفر کا بہترین وقت، موسم بہار اور موسم گرما ہی ہیں۔

اس سڑک کے کنارے ایک اور نہایت خوبصورت گاؤں ہے جس کا نام «ورزن» ہے۔

ورزن میں کیمپ لگانے کے لئے باغات کے ارد گرد بہترین جگہیں بنائی گئی ہیں۔

چالوس ہائی وے پر واقع تفریحی مقامات میں سے ایک «کندوان» نامی علاقہ بھی ہے، یہ علاقہ بہت زیادہ سرد ہے جس کی وجہ سے سردیوں میں یہاں پر کافی مقدار میں برف پڑتی ہے۔

اسلامی جمہوری ایران کی حکومت نے مسافرین کی سہولت کی خاطر ایک سرنگ بنائی گئی ہے جو کہ صوبہ البرز کو صوبہ مازندران سے جدا کرتی ہے یعنی یہ سرنگ دونوں صوبوں کی سرحد کہلاتی ہے۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی شاہراہوں پرایک سو تراسی سرنگیں  بنائی گئی ہیں جن کی کل لمبائی چونسٹھ ہزار دو سو چونتیس میٹر ہے۔

گرمیوں کے موسم میں ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے سیاح اس علاقے کا رخ کرتے ہیں، یہاں پر بھی حکومت نے سیاحوں کی سہولت کے لئے مختلف انتظامات کئے ہوئے ہیں، کرج شہر سے یہاں تک کا فاصلہ 58 کلومیٹر ہے۔

راستے میں آپ سڑک کے کنارے ایک اور خوبصورت گاؤں کا نظارہ کریں گے جس کا نام ہے «آسارا»، یہاں کے مکین نہایت مہان نواز ہیں، اس گاؤں سے مختصر فاصلے پر کرج ڈیم ہے آپ چاہیں تو ڈیم کی سیر کرسکتے ہیں۔

اس گاؤں کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہاں پر "امام زادہ سپہسالار" کا مزار واقع ہے جس کی وجہ سے سالانہ سینکڑوں عقیدت مند اس گاؤں کا رخ کرتے ہیں۔

ترجمہ و ترتیب: غلام مرتضی جعفری

اہم ترین سیاحت خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری