سعودی عرب میںمزید 13 پاکستانی دہشتگردی کے شبہے میں گرفتار


سعودی عرب میںمزید 13 پاکستانی دہشتگردی کے شبہے میں گرفتار

سعودی پولیس نے دہشت گردی کے شبہے میں 16 افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن میں 13 کا تعلق پاکستان سے بتایا جا رہا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، سعودی عرب کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی میں 16 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان میں شامل 3 مقامی باشندے جب کہ 13 افراد کا تعلق پاکستان سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزارت داخلہ نے گرفتار افراد کا تعلق ان عسکریت پسندوں سے بتایا ہے جنھوں نے چند روز قبل جدہ میں ایک سرچ آپریشن میں پولیس مقابلے کے دوران دھماکا خیز مواد سے خود کو اڑا لیا تھا۔

سعودی وزارت داخلہ نے گرفتاریوں سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کیا ہے تاہم گرفتار شدہ پاکستانیوں کی شناخت سمیت دیگر تفصیلات نہیں دی گئی ہیں بلکہ صرف یہ بتایا گیا ہے کہ یہ گرفتاریاں حالیہ ہیں جو کہ سیکورٹی آپریشن کے دوران عمل میں آئی ہیں۔

 

واضح رہے کہ سعودی وزارت خارجہ نے سیکورٹی آپریشن کے دوران مشتبہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں سے برآمد کیے جانے والے گرنیڈز، دھماکا خیز مواد اور اسلحے کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔

خیال رہے کہ دہشتگردی کے عفریت نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔  چند روز قبل سعودی وزارت داخلہ نے بیان جاری کیا تھا کہ گزشتہ چند برس کے دوران دنیا کے 40 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 5085 افراد کو دہشت گردی کے الزام میں گرفتار کیا گیا جن میں 68 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔

دہشتگردی کے الزام میں جیلوں میں قید یا زیر حراست افراد میں سے بعض کو عدالت کی جانب سے عمر قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری