"ایسے نہیں چلے گا"؛ ویسے ہی تو چل رہا ہے/ پیمرا کا حکم ہوا برد !!!


"ایسے نہیں چلے گا"؛ ویسے ہی تو چل رہا ہے/ پیمرا کا حکم ہوا برد !!!

نجی ٹی وی بول اور اس کے اینکر پرسن ڈاکٹر عامر لیاقت حسین، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے احکامات کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ممنوع قرار دئیے گئے پروگرام "ایسے نہیں چلے گا" کو نشر کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے بول نیوز پر نشر ہونے والے پروگرام "ایسے نہیں چلے گا" کے میزبان عامر لیاقت حسین پر پابندی کے باوجود ڈاکٹر عامر لیاقت نہ صرف بول ٹی وی پر پروگرام کر رہے ہیں بلکہ پیمرا کے چیئرمین پر بھی شدید تنقید کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر عامر لیاقت نے کہا ہے کہ چیئرمین پیمرا، ابصار عالم کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت پیمرا میں پلانٹ کیا گیا ہے اور انہیں چیف جسٹس آف پاکستان، آرمی چیف اور وزیر اعظم سمیت دیگر اعلیٰ ترین سول و عسکری عہدیداروں سے کئی گنا زیادہ تنخواہ دی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ سول سوسائیٹی اور مختلف سماجی حلقوں کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہونے پر پیمرا نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پر بول ٹی وی پر کسی بھی صورت میں آنے پر پابندی عائد کردی تھی اور اس پابندی کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل تھا۔

جبکہ اس پابندی کی خلاف ورزی کی صورت میں چینل کا لائسنس منسوخ کرنے کا انتباہ بھی جاری کیا تھا۔

تاہم چینل انتظامیہ نے پیمرا کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا اور ڈاکٹر عامر لیاقت پوری آن، بان اور شان کے ساتھ بول پر جلوہ افروز ہو رہے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری