بھارت کی آبی جارحیت؛ پاکستان جانے والا پانی روک دیں گے، مودی


بھارت کی آبی جارحیت؛ پاکستان جانے والا پانی روک دیں گے، مودی

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی دریاؤں کا پانی صرف بھارت کے کسان کو ملے گا، پاکستان کو نہیں ملے گا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے جالندھر میں اکالی دل اور بی جے پی اتحاد کی حمایت میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں بہہ جانے والا پانی روک دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی پنجاب کے کسان کو پانی کیلئے اب مزید پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہم نے دریاؤں کے پانی کا رخ موڑنے کا فیصلہ کیا ہے جو اس وقت بہہ کر پاکستان کی طرف جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے کسان کا ہی اس پانی پر سب سے زیادہ حق ہے۔ آخر کب تک ہم دوسروں کو ہمیں نقصان پہنچانے کا موقع دیتے رہیں گے کیا ہمیں بھرپور جواب نہیں دینا چاہئے؟

انہوں نے پاکستان کا نام لئے بنا ایک بار پھر دہشتگردی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ  دہشت گردی کو مزید برداشت نہیں کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ بدعنوانی کے خلاف لڑ رہے ہیں اور بدعنوان عناصر کو پکڑنے اور سزاء دلوانے کیلئے سب کچھ کر رہے ہیں لیکن حکومت تنہا یہ سب کچھ نہیں کرسکتی اسے عوام کی حمایت درکار ہے۔

وہ جالندھر میں اکالی دل اور بی جے پی اتحاد کی حمایت میں انتخابی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔

ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کی سیاست کا محور بس پاکستان کی بدنامی ہے اور پاکستان پر بےبنیاد الزامات لگانے کے سوا ان کے پاس کہنے کو کچھ ہے ہی نہیں۔

کیونکہ یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ مودی کی کوئی تقریر، کوئی بیان پاکستان خلاف بیانات سے خالی نہیں ہوتا۔

ادھر کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے گزشتہ روز پنجاب کے مجیٹھا میں انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔

انہوں نے ریاست کی اکالی حکومت اور بادل خاندان کے علاوہ عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری