بحرینی پولیس کو اسرائیل میں تربیت دی جاتی ہے، صہیونی وزیر کے خوفناک انکشافات


بحرینی پولیس کو اسرائیل میں تربیت دی جاتی ہے، صہیونی وزیر کے خوفناک انکشافات

صہیونی کابینہ کے ایک وزیر نے انکشاف کیا ہے کہ بحرین میں جاری عوامی مظاہروں کو کچلنے کے لئے آل خلیفہ کے سیکورٹی اہلکاروں کو عسکری تربیت اسرائیل میں فراہم کی جاتی ہے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی وزیر تساحی ھنگبی کا کہنا ہے کہ بحرین اور اسرائیل کے درمیان اقتصادی اور سیکورٹی کے روابط ہیں جس کے تحت صہیونی اہلکار بحرینی حکومت کی خواہش پر اس ملک میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کو کچلنےکے لئے پولیس کو تربیت دے رہے ہیں۔

اسرائیلی روزنامہ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق، وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے قریبی وزیر تساحی ھنگبی کا کہنا ہے کہ بحرینی پولیس کے دستوں کو بحرین میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کے خاتمے کے لئے اعلیٰ قسم کی عسکری تربیت دی جارہی ہے۔

صہیونی وزیر نے مزید کہا: اسرائیل خطے کے عرب ممالک کے ساتھ تعاون اور تعلقات بڑھانے کی کوشش کررہا ہے، اس وقت عرب ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھا دئے گئے ہیں اور مزید بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ بعض عرب ممالک اسرائیل کے ساتھ آشکار تعلقات بڑھانے کی باتیں کررہے ہیں تاہم اس سے پہلے اس قسم کے تعلقات کے بارے میں تردید کرتے رہے ہیں، اگرچہ خفیہ طور پر اسرائیل کے ساتھ تعلقات گزشتہ کئی سالوں سے جاری تھے۔

اسرائیلی وزیر کےمطابق، اسرائیل کے بحرین کے ساتھ نہایت اچھے تعلقات ہیں جس کی وجہ سے آل خلیفہ کی سیاسی معاونت کے علاوہ آل خلیفہ خاندان کو اسرائیل میں طبی امداد بھی فراہم کی جارہی ہے۔

اسرائیلی وزیر نے مزید کہا: گزشتہ مہینے اسرائیل کے اقتصادی اور سیاسی حکام کے ایک وفد نے یورپی پاسپورٹ کے ذریعے بحرین کا دورہ کرکے دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال بھی کیا تھا۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری