گمشدہ سماجی کارکن اور پروفیسر سلمان حیدر گھر پہنچ گئے


گمشدہ سماجی کارکن اور پروفیسر سلمان حیدر گھر پہنچ گئے

اسلام آباد میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ دنوں گمشدہ ہونے والے بلاگر، شاعر، پروفیسر اور سماجی کارکن سلمان حیدر اپنے گھر واپس آ گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، ان کے خاندان نے بھی ان کی واپسی کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ وہ بخیریت ہیں۔ اس بارے میں مزید تفصیلات پولیس جاری کرے گی۔

یاد رہے کہ فاطمہ جناح یونیورسٹی کے پروفیسر، انسانی حقوق کے کارکن اور سماجی امور پر شاعری کے حوالے سے پہچانے جانے والے پروفیسر سلمان حیدر اس ماہ کی 7 تاریخ سے اسلام آباد سے لاپتہ ہو گئے تھے۔

وہ اسلام آباد کے نواحی علاقے بنی گالا میں اپنے دوستوں کے ہمراہ موجود تھے اور انھوں نے اپنی اہلیہ کو اطلاع دی تھی کہ وہ رات 8 بجے تک گھر پہنچ جائیں گے۔

تاہم ان کے گھر آنے کے بجائے ان کی اہلیہ کو سلمان حیدر کے نمبر سے پیغام موصول ہوا کہ کورال چوک سے ان کی گاڑی لے لی جائے جس کے بعد تھانہ لوئی بھیر میں ان کے اغوا کی رپورٹ درج کرلی گئی تھی۔

واضح رہے کہ سلمان حیدر کی گمشدگی کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے ہوئے جن میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ ان کی جلد از جلد بازیابی ممکن بنائی جائے۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی ان کی بازیابی کے لیے پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو کوششیں تیز کرنے اور تمام وسائل بروئے کار لانےکی ہدایت جاری کی تھی۔

سلمان حیدر پانچ سال سے زائد عرصے سے فاطمہ جناح یونیورسٹی سے منسلک ہیں۔ وہ شاعر ہیں اور تھیئٹر میں اداکاری، ڈراما نگاری اور صحافت جیسے شعبوں سے بھی وابستہ رہے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری