ایران اور پاکستان کے مابین مال گاڑیوں کی آمد و رفت میں 6 گنا اضافہ


ایران اور پاکستان کے مابین مال گاڑیوں کی آمد و رفت میں 6 گنا اضافہ

ایران کے جنوب مشرقی ریلوے زون کے سربراہ مجید ارجونی نے کہا ہے کہ گذشتہ برس ایران اور پاکستان کے درمیان فقط 10 مال گاڑیوں کی آمد و رفت انجام پائی تھی جو اس سال بڑھ کر 62 مال گاڑیوں تک پہنچ گئی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، ایران کے جنوب مشرقی ریلوے زون کے سربراہ مجید ارجونی نے زاہدان میں کوئٹہ ریلوے کے ڈائرکٹر محمد حنیف گل کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ  ایران اور پاکستان کے درمیان مال گاڑیوں کی آمد و رفت میں واضح اضافے سے ایران سے پاکستان کے لئے مختلف اشیا کی برآمدات میں دس گنا سے زیادہ جبکہ وسطی ایشیا سے پاکستان کے لئے ٹرانزٹ میں تقریبا تین گنا سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔

مجید ارجونی نے جنوب مشرقی ایران میں ریل نیٹ ورک کی توسیع کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لئے ریل کے ذریعے سیال گیس کی برآمدات کے لئے بھی ضروری اسٹرکچر تیار کر لیا گیا ہے۔  

اس موقع پر کوئٹہ ریلوے کے ڈائریکٹر محمد حنیف گل نے کہا کہ ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں ریلوے کے نظام میں انجام پانے والے اقدامات نہایت اہم ہیں اور ان کا ملک پاکستان کی گوادر بندرگاہ کی اہمیت سے بخوبی واقف ہے اور اسی لیے اس بندرگاہ کو ریل نیٹ ورک سے جوڑنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔

ماہرین کے مطابق، گوادر بندرگاہ کو ریل نیٹ ورک کے ذریعے ایران سے جوڑنے سے دونوں ممالک کے مابین تجارت کا ایک نئے اور سنہرے باب کا آغاز ہوگا۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری