جرمنی میں متعدد دہشت گرد گرفتار


جرمنی میں متعدد دہشت گرد گرفتار

جرمن پولیس کا کہنا ہے کہ برلن اور صوبہ ہسن میں دہشت گردی کے شبہے میں کئی افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، جرمن پولیس کا کہنا ہے کہ برلن اور ہسن میں دہشت گرد تنظیم داعش سے وابستہ کئی افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار شدہ افراد عام شہریوں کو داعش کی طرف راغب کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

فرینکفرٹ کے سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ ملک بھرمیں 54 سے زائد مشکوک مقامات پر چھاپے مارے گئے اور متعدد افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کی جارہی ہے۔

پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 16 افراد کو حراست میں لے لیا ہے جن کی عمریں 16 سے 46 سال تک بتائی جارہی ہیں۔

گرفتار ہونے والوں میں 36 سالہ تیونسی شہری بھی شامل ہے جس پر داعش کے ساتھ تعاون کرنے کا الزام ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ تیونسی شہری کے داعش کے ساتھ قریبی روابط رہے ہیں۔

جرمن پولیس کے کہنے کے مطابق تیونسی شہری جرمنی میں تخریبی کارروائیاں کرنا چاہتا تھا جس کے لئے لوگوں کو بھرتیاں کروا رہا تھا۔

پولیس نے صوبے ہسن میں موجود مسلمانوں کے مراکز اور مساجد پر بھی چھاپے مار کر تلاشی لی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، 1100 سے زائد پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن کیا اور مسلمانوں سے متعلق کئی مراکز اور مساجد کی تلاشی لی گئی۔

واضح رہے کہ جرمنی میں داعش جیسی درندہ صفت دہشت گرد تنظیموں کے سبب مسلمانوں کے خلاف جذبات میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے جرمن میں مقیم مسلمانوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری